ڈیزل کی قیمت میں بڑی کمی کا امکان: وزیر پٹرولیم کا اہم اعلان

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے پٹرولیم علی پرویز ملک نے وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ کے ہمراہ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ملک میں ڈیزل کی قیمت میں جلد 30 سے 32 روپے فی لیٹر تک نمایاں کمی متوقع ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت کو عوامی مشکلات کا مکمل احساس ہے اور درپیش مشکل وقت جلد ختم ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل کے حل اور انہیں ممکنہ ریلیف کی فراہمی کے لیے تمام تر صلاحیتیں کارآمد بنا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ عوام کو ٹارگٹڈ سبسڈی کے ذریعے امداد فراہم کی گئی ہے اور حکومت نے کسی مرحلے پر بھی عوام کو اکیلا نہیں چھوڑا۔ دنیا کے متعدد ممالک اس وقت معاشی مشکلات سے نبرد آزما ہیں، یہاں تک کہ ڈیزل پیدا کرنے والے بڑے ملک روس کو بھی اس طرح کے حالات کا سامنا ہے۔

علی پرویز ملک نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی خصوصی ہدایت پر آئل ریفائنریز کے اعلیٰ حکام کے ساتھ یکے بعد دیگرے کئی اجلاس منعقد ہوئے، جن کے مثبت نتائج سامنے آئے ہیں۔ ان نشستوں کے بعد آئل ریفائنریز نے ڈیزل کے نرخوں میں واضح کمی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بیرسٹر سیف کی اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات،سیاسی و طبی امور پر گفتگو

انہوں نے بتایا کہ ڈیزل کے نرخوں میں اس بڑی کمی کا نوٹیفکیشن آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جلد جاری کر دیا جائے گا۔

Scroll to Top