نیدرلینڈز اور بیلجیم کی مشترکہ میزبان میں کھیلے جانے والے ایف آئی ایچ ہاکی ورلڈ کپ 2026ء میں پاکستانی ہاکی ٹیم کا سفر ختم ہو گیا۔
گروپ ڈی کے انتہائی اہم اور معرکہ آرائی سے بھرپور میچ میں روایتی حریف بھارت نے پاکستان کو 3-5 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ قومی ٹیم اگلے مرحلے کی دوڑ سے باہر ہو گئی۔
سیمی فائنل کی امیدیں زندہ رکھنے کے لیے پاکستان کے پاس بھارت کے خلاف فتح کے علاوہ کوئی راستہ نہ تھا کیونکہ اس سے قبل قومی ٹیم کو انگلینڈ کے ہاتھوں 1-4 سے ناکامی کا سامنا کرنا پڑا تھا جبکہ ویلز کے خلاف میچ 3-3 گول سے برابر رہا تھا۔
ایمسٹلوین کے ویگنور ہاکی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں ابو بکر کی قیادت میں میدان میں اترنے والی پاکستانی ٹیم آغاز سے ہی دباؤ میں نظر آئی۔ بھارتی کپتان ہرمن پریت سنگھ نے پہلے کوارٹر میں پنالٹی کارنر کے ذریعے پہلا گول داغا، جس کے فوراً بعد ابھیشک نے دوسرا گول کر کے بھارت کو 0-2 کی برتری دلا دی۔
دوسرے کوارٹر میں بھارتی کپتان ہرمن پریت نے پنالٹی کارنر ری باؤنڈ پر اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول بنایا۔ اس کے بعد پاکستان کی جانب سے حنان شاہد نے پہلا گول کر کے سکور 1-3 کیا۔ تاہم جلد ہی ابھیشک نے بھارت کے لیے چوتھا گول کر دیا، جس کے جواب میں پاکستان کے سفیان نے پنالٹی کارنر پر گول کر کے پہلے ہاف کے اختتام پر سکور 2-4 کر دیا۔
یہ بھی پڑھیں : شاہین آفریدی کی ہیٹ ٹرک سمیت تباہ کن بولنگ، پاکستان گولڈ نے چیمپیئنز کپ کی ٹرافی جیت لی
تیسرے کوارٹر میں بھارت نے پنالٹی اسٹروک پر پانچواں گول کر کے اپنی برتری کو مزید مستحکم (2-5) کر لیا۔ کھیل کے چوتھے اور آخری کوارٹر میں حنان شاہد نے پاکستان کا تیسرا اور اپنا دوسرا گول بنایا، تاہم یہ تلاشِ راستہ کافی نہ ثابت ہوا اور میچ 3-5 پر ختم ہوا، جس کے ساتھ ہی پاکستانی ٹیم کے لیے ٹورنامنٹ کے دروازے بند ہو گئے۔





