ہزارہ ڈویژن کے ضلع ہری پور میں مبینہ پولیس مقابلہ کے دوران دو ڈاکو جان سے گئے، پولیس حکام کے مطابق ڈاکو ڈکیتی کیلئے علاقے میں موجود تھے، پولیس اہلکاروں کو دیکھتے ہی فائرنگ کردی ۔
پولیس کے مطابق ہری پور کے تھانہ کوٹ نجیب اللہ کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے ہوا جہاں اہلکاروں کا ملزمان کے ساتھ آمنا سامنا ہوا۔
پولیس حکام کا کہنا تھا کہ ملزمان جھاری کس کے علاقے میں ڈکیتی کی غرض سے موجود تھے کہ پولیس پارٹی کے پہنچنے پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی، پولیس کی جوابی کارروائی میں دو مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگئے جب کہ دو ملزمان فرار ہونے میں کامیاب رہے، کارروائی کے دوران ملزمان کے قبضے سے اسلحہ اور ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔
تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ ہلاک اور فرار ہونے والے ملزمان پر مشتمل ڈکیت گروہ ہری پور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں درجنوں ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث رہا ہے۔
پولیس کے مطابق فرار ہونے والے ملزمان کی گرفتاری کے لیے پولیس کی جانب سے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





