پنجاب بار کونسل نے پی ٹی آئی کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی اختیار کرلی

پنجاب بار کونسل نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے حق میں جاری ہونے والے بعض اراکین کے بیانات سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ چند افراد کی ذاتی رائے کو پوری وکلاء برادری، پاکستان بار کونسل یا پنجاب بار کونسل کا متفقہ اور اجتماعی موقف قرار نہیں دیا جا سکتا۔

پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جمہوری اداروں میں چند افراد اپنی رائے اکثریت یا پورے ادارے کے سر نہیں تھوپ سکتے۔ اعلامیے میں تاکید کی گئی ہے کہ زیرِ سماعت معاملات پر بار کونسلز، بار ایسوسی ایشنز اور ان کے نمائندوں کو ایسے کسی بھی بیان سے گریز کرنا چاہیے جو عدالتی کارروائی، اداروں کی آزادی یا عوامی اعتماد کو متاثر کرے۔

پنجاب بار کونسل نے واضح کیا کہ زیرِ سماعت کیسز کے فیصلے آئین و قانون کے مطابق کرنا صرف معزز عدالتوں کا اختیار ہے اور تمام متعلقہ حلقوں کو عدالتی عمل کا احترام مقدم رکھنا ہو گا۔

اعلامیے میں خبردار کیا گیا ہے کہ بار کے پلیٹ فارم کو کسی فرد یا گروہ کے ذاتی یا سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنے اور وکلاء برادری میں انتشار پھیلانے والے بیانات کی کسی صورت حوصلہ افزائی نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں : عمران خان کے طبی معائنےسے متعلق عدالتی حکم پر مکمل عملدرآمد کیا گیا،عطاء اللہ تارڑ

بار کونسل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ ادارے کا بنیادی مقصد قانون کی حکمرانی، عدلیہ کی آزادی اور وکلاء کے وقار کا تحفظ ہے، نہ کہ کسی زیرِ سماعت معاملے میں فیصلے سے قبل فریقین کے حق یا مخالفت میں رائے قائم کرنا۔ تمام وکلاء نمائندوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ ذاتی اختلافات اور سیاسی وابستگیوں سے بالاتر ہو کر بار کونسل کے وقار، اتحاد اور غیر جانب داری کو برقرار رکھیں۔

Scroll to Top