بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی اپنی بار کو پی ٹی آئی کےجانب سے سیاسی مفاد کیلئے استعمال کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت

بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن نے بار کے پلیٹ فارم کو سیاسی مقاصد اور شخصی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ایک حالیہ پریس سٹیٹمنٹ سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔

بلوچستان ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر میر عطاء اللہ لانگو ایڈووکیٹ نے جاری کردہ پریس سٹیٹمنٹ کو گمراہ کن اور متنازع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وکلاء کی سیاست اور باہمی اختلافات کو صرف وکلاء تک ہی محدود رہنا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ کسی فردِ واحد کے مفاد یا حمایت میں اداروں کے استعمال اور متنازعہ بیانات جاری کرنے سے مکمل طور پر اجتناب کیا جانا چاہیے۔

میر عطاء اللہ لانگو کے مطابق وکلاء کی سیاست کبھی بھی کسی فرد کے دباؤ یا زیرِ اثر نہیں رہی اور وکلاء برادری اپنی آزادی، خودمختاری اور اصولی موقف پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ وکلاء کے اجتماعی ادارے پوری وکلاء برادری کی نمائندگی کرتے ہیں نہ کہ کسی ایک فرد کی، اس لیے ان اداروں کا وقار، خودمختاری اور تقدس ہر صورت برقرار رکھا جانا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں : پنجاب بار کونسل نے پی ٹی آئی کے سیاسی پروپیگنڈے سے لاتعلقی اختیار کرلی

بار ایسوسی ایشن نے اپنے اصولی موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ صورتحال میں وکلاء کے پلیٹ فارم کو ذاتی یا گروہی مفادات کے لیے استعمال کرنے کی کوششوں پر وکلاء برادری میں شدید غم و غصہ پایا جاتا ہے اور کسی بھی سیاسی مقصد کے حصول کے لیے بار کے اداروں کو استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

Scroll to Top