شمالی وزیرستان: پی ٹی آئی ایم پی اے کے بھائی کا پریس کلب پر دھاوا، شدید توڑ پھوڑ

شاکر خان وزیر

شمالی وزیرستان کے ہیڈکوارٹر میرانشاہ میں ڈسٹرکٹ پریس کلب پر ڈنڈا بردار افراد نے حملہ کر کے شدید توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود صحافیوں کو ہراساں کیا۔

اس کارروائی کی قیادت پی ٹی آئی کے رکن خیبر پختونخوا اسمبلی نیک محمد کے بھائی نور محمد کر رہے تھے۔ اس واقعے کے بعد علاقے کی صحافتی برادری میں شدید غم و غصہ پھیل گیا۔

حملے کے فوراً بعد وزیرستان یونین آف ورکنگ جرنلسٹس اور میرانشاہ پریس کلب کا ایک ہنگامی اجلاس منعقد ہواجس میں اس بزدلانہ اقدام کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے آئندہ کے لائحہ عمل کا متفقہ فیصلہ کیا گیا۔

اجلاس کے دوران صحافتی تنظیموں نے ضلعی انتظامیہ اور ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) شمالی وزیرستان سجاد حسین سے مطالبہ کیا کہ حملے میں ملوث تمام شرپسند عناصر کو فوری گرفتار کر کے قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے۔

صحافتی رہنماؤں نے واضح کیا کہ اگر ملزمان کی گرفتاری میں کسی قسم کی تاخیر کی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار صرف ضلع تک محدود نہیں رہے گا، بلکہ ملک بھر کی دیگر صحافتی تنظیموں سے بھی رابطہ کیا جائے گا۔

انہوں نے عزم ظاہر کیا کہ صحافتی برادری ایسے دھمکی آمیز ہتھکنڈوں سے ہراساں ہونے والی نہیں ہے۔

یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں موسلادھار بارشوں کی پیشگوئی، الرٹ جاری

مشترکہ اعلامیے کے مطابق فی الوقت پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے پیش رفت کا انتظار کیا جا رہا ہے، تاہم اگر مقامی انتظامیہ نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کی تو صوبائی سطح پر اعلیٰ سرکاری حکام سے رابطہ کیا جائے گا۔

Scroll to Top