گرمیوں میں بجلی کا بل کم کیسے کیا جائے؟

ملک میں بجلی کی بڑھتی قیمتوں کے باعث صارفین کے لیے ماہانہ بل کم کرنا ایک بڑا چیلنج بن چکا ہے، تاہم چند آسان اقدامات کے ذریعے گرمیوں میں بجلی کی کھپت اور اخراجات میں کمی لائی جاسکتی ہے۔

شدید گرمی میں ایئر کنڈیشنر (اے سی) کا استعمال بڑھ جاتا ہے، جو بجلی کے زیادہ بل کی بڑی وجوہات میں شامل ہے۔ ماہرین کے مطابق اے سی کا درجہ حرارت بہت کم رکھنے کے بجائے 24 سے 26 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان مقرر کرنا توانائی کی بچت میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔

اے سی کا درجہ حرارت ہر ایک ڈگری بڑھانے سے توانائی کے اخراجات میں تقریباً 1 سے 3 فیصد تک کمی ممکن ہے۔ اس لیے اے سی کو 22 کے بجائے 26 ڈگری پر چلانا بجلی کی کھپت کم کرسکتا ہے۔

بجلی کا بل کم کرنے کے لیے پرانے بلبوں کی جگہ ایل ای ڈی لائٹس استعمال کریں اور غیر ضروری طور پر چلنے والے پنکھے، لائٹس اور دیگر برقی آلات بند رکھیں۔ استعمال نہ ہونے والے الیکٹرانک آلات کے پلگ بھی سوئچ سے نکال دینا بہتر ہے۔

یہ بھی پڑھیں: بجلی مزید مہنگی ہونے کا امکان، فی یونٹ 2 روپے 52 پیسے اضافے کی درخواست

انتہائی گرم دنوں میں اے سی مکمل طور پر بند کرنے کے بجائے اس کا درجہ حرارت بڑھانا بعض حالات میں زیادہ مؤثر ہوسکتا ہے، کیونکہ بہت زیادہ گرم ہونے والے کمرے کو دوبارہ ٹھنڈا کرنے میں زیادہ توانائی صرف ہوسکتی ہے۔

ماہرین کے مطابق 24 سے 26 ڈگری اے سی کی ایسی مناسب ترتیب ہے جو آرام اور بجلی کی بچت کے درمیان بہتر توازن قائم کرسکتی ہے۔

Scroll to Top