10 روپے کا نوٹ کیوں بند کیا جا رہا ہے؟ حیران کن وجہ سامنے آ گئی

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے 10 روپے مالیت کا کرنسی نوٹ بند کر کے اس کی جگہ 10 روپے کا سکہ متعارف کرانے کی تجویز پیش کی ہے جس کی بنیادی وجہ نوٹ کی تیاری پر آنے والے زائد اخراجات بتائے گئے ہیں۔

سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے حالیہ اجلاس میں اسٹیٹ بینک کی اس تجویز پر تفصیل سے غور کیا گیا۔ اجلاس کے دوران اسٹیٹ بینک کے ڈپٹی گورنر عنایت حسین نے انکشاف کیا کہ موجودہ حالات میں 10 روپے کا ایک نوٹ چھاپنا اس کی اصل 10 روپے کی مالیت سے بھی زیادہ مہنگا ثابت ہو رہا ہے جس کی وجہ سے مرکزی بینک نے مستقبل میں 10 روپے کا نوٹ نہ چھاپنے کی سفارش کی ہے۔

ڈپٹی گورنر نے وضاحت کی کہ اگر سینیٹ کمیٹی یا حکومت کی جانب سے یہ تجویز منظور کر لی جاتی ہے تب بھی مارکیٹ میں پہلے سے موجود 10 روپے کے پرانے نوٹ فوراً ناکارہ یا ختم نہیں ہوں گے بلکہ وہ حسبِ معمول گردش میں رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : یو اے ای میں ملازمت کے ویزے کےلیے پولیس کیریکٹر سرٹیفکیٹ لازمی قرار

یاد رہے کہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے ماضی میں بھی 10 روپے مالیت کا دھاتی سکہ بازار میں متعارف کرایا تھا، تاہم عوام اور کاروباری طبقے کی جانب سے اسے خاطر خواہ قبولیت حاصل نہیں ہو سکی تھی۔

Scroll to Top