سائنس کی دنیا میں حیران کن پیش رفت، سائبرگ کاکروچ اب انسانوں کی جان بچائیں گے

آسٹریلوی سائنسدانوں نے قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران ملبے تلے پھنسے افراد تک ادویات اور ضروری امداد پہنچانے کے لیے سائبرگ کاکروچ تیار کرلیے ہیں۔

محققین کے مطابق ’پیرا بورگز‘ نامی ان کاکروچز پر انتہائی چھوٹے کیمرے اور ادویات پہنچانے کے لیے خصوصی آلات نصب کیے گئے ہیں جبکہ ان کے اعصابی نظام میں الیکٹروڈز لگا کر انہیں ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مخصوص سمت میں حرکت دی جاسکتی ہے۔

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ان سائبرگ کاکروچز کو خاص طور پر ایسے مقامات تک رسائی کے لیے تیار کیا گیا ہے جہاں انسانوں یا روایتی ریسکیو آلات کا پہنچنا مشکل ہوتا ہے، یہ کاکروچز تنگ راستوں اور ملبے کے درمیان سے گزر کر متاثرین تک ضروری ادویات پہنچا سکتے ہیں۔

تجربات کے دوران ادویات پہنچانے میں ان کی مجموعی کامیابی کی شرح 72 فیصد ریکارڈ کی گئی جبکہ قریبی فاصلے پر کامیابی کی شرح 95 فیصد تک پہنچ گئی۔

محققین کے مطابق یہ جدید ٹیکنالوجی مستقبل میں زلزلوں، عمارتیں منہدم ہونے، سانپ کے کاٹنے اور دیگر ہنگامی حالات میں استعمال کی جاسکتی ہے جہاں متاثرین تک فوری طبی امداد پہنچانا روایتی ذرائع سے ممکن نہ ہو۔

یہ بھی پڑھیں: آسٹریلیا کے سائنسدانوں نے محض 3 منٹ میں چارج ہونے والی بیٹری تیار کرلی

سائنسدانوں کا کہنا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مزید بہتری کے بعد سائبرگ کاکروچز ریسکیو آپریشنز میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے مشکل حالات میں قیمتی انسانی جانیں بچانے میں مددگار ثابت ہوسکتے ہیں۔

Scroll to Top