نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے گلگت بلتستان، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر کے بالائی حصوں میں گلیشیائی جھیلوں کے پھٹنے (گلوف) اور ممکنہ سیلاب کے شدید خطرے کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے جاری الرٹ کے مطابق حالیہ مون سون بارشوں اور درجہ حرارت میں اضافے کے باعث بالائی علاقوں میں گلیشیئرز پگھلنے کی رفتار تیز ہوئی ہے ۔
این ڈی ایم اے کی جانب سے کہا گیا ہے کہ جھیلوں کے پھٹنے کا خدشہ بڑھ گیا ہے جس کے باعث سیلاب کا خطرہ بڑھ گیا ہے ۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گلگت بلتستان کے اضلاع غذر، ہنزہ، نگر، شگر، گلگت، روندو، دیامر، استور، اسکردو، گانچھے اور کھر منگ کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بھی ایسی ہی صورتحال کا اندیشہ ہے۔
اسی طرح خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور بالائی علاقوں جن میں چترال، اپر و لوئر دیر، سوات، شانگلہ اور کوہستان شامل ہیں، میں بھی سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کے پیش نظر متعلقہ اداروں اور مقامی آبادی کو محتاط رہنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔





