محکمہ امیگریشن اینڈ پاسپورٹس نے شہریوں کی سہولت کے لیے ملک بھر کے پاسپورٹ ڈیلیوری کاؤنٹرز کو ہر ہفتے کے روز بھی کھلا رکھنے کا اہم فیصلہ کیا ہے۔
اس خصوصی اقدام کے تحت یہ کاؤنٹرز آئندہ دو ماہ تک بروز ہفتہ صبح 8 سے شام 4 بجے تک فعال رہیں گےجس سے شہری اپنے تیار شدہ پاسپورٹس باآسانی وصول کر سکیں گے۔
ڈائریکٹر جنرل امیگریشن اینڈ پاسپورٹس محمد علی رندھاوا نے تمام درخواست گزاروں کو اپنے تیار پاسپورٹس جلد از جلد وصول کرنے کی ہدایت کی ہے۔
انہوں نے وضاحت کی کہ جو شہری معمول کے دفتری اوقات میں اپنے پاسپورٹس حاصل کرنے سے قاصر ہیں وہ اس ہفتہ وار اضافی سہولت سے پورافائدہ اٹھائیں۔
محکمے کی جانب سے جاری تنبیہ میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری پالیسی کے مطابق چھ ماہ سے زائد عرصے تک وصول نہ کیے جانے والے تمام پاسپورٹس تلف کر دیے جائیں گے۔
یہ بھی پڑھیں : میجر جنرل فیصل نصیر نیکٹا کے نئے نیشنل کوآرڈینیٹر مقرر
ڈی جی پاسپورٹس نے تمام شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ مستقبل میں کسی بھی قسم کے انتظامی نقصان اور دشواری سے بچنے کے لیے وقت پر اپنے پاسپورٹس کی وصولی یقینی بنائیں۔





