انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے ہدف کیا ہے؟ عبوری کوچ نے بتادیا

انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے ہدف کیا ہے؟ عبوری کوچ نے بتادیا

Pakistan SCO Summit 2026

پاکستان ریڈ بال کرکٹ ٹیم کے عبوری کوچ مائیک ہیسن نے کہا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میچ کے لیے ایک متوازن اسکواڈ تشکیل دینا ان کا بنیادی ہدف ہے۔

برمنگھم میں قومی ٹیم کے پریکٹس سیشن کے دوران پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ چند دن کھلاڑیوں کے اسکواڈ میں آنے اور جانے کے باعث کافی چیلنجنگ رہے ہیں، تاہم تمام کھلاڑیوں کی مکمل توجہ اب آنے والے اہم میچ پر مرکوز ہے۔

اپنے تقرر کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے مائیک ہیسن نے بتایا کہ وہ اس وقت جاپان میں ایشین گیمز کی تیاریوں میں مصروف تھے جب لاہور آنے پر انہیں ریڈ بال ٹیم کی عبوری ذمہ داری سنبھالنے کی درخواست کی گئی۔

انہوں نے واضح کیا کہ وہ اس وقت صرف ریڈ بال کے عبوری کوچ ہیں اور اس فارمیٹ کی سلیکشن کمیٹی کا حصہ نہیں ہیں، البتہ وہ وائٹ بال کرکٹ کے کوچ اور سلیکشن کا حصہ ہیں۔

ٹیم کی ساخت اور کارکردگی پر بات کرتے ہوئے عبوری کوچ نے کہا کہ اسکواڈ میں چند نئے نوجوان کھلاڑی شامل ہوئے ہیں جن کی آمد سے پاکستانی بولنگ اٹیک اب پہلے سے زیادہ بہتر دکھائی دے رہا ہے۔

انہوں نے محمد عباس کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے دورہ انگلینڈ پر شاندار بولنگ کا مظاہرہ کیا ہے اور وہ پہلے بھی چند ریڈ بال کھلاڑیوں کے ساتھ کام کر چکے ہیں۔

 یہ بھی پڑھیں: انگلینڈ کیخلاف تیسرے ٹیسٹ کیلئے قومی ٹیم برمنگھم پہنچ گئی

مائیک ہیسن کا مزید کہنا تھا کہ کھلاڑی حالیہ تبدیلیوں اور صورتحال پر مایوس ضرور ہیں، لیکن ٹیم کو مایوسی سے نکل کر آگے دیکھنا ہوگا۔

واضح رہے کہ پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا اور آخری معرکہ 9 ستمبر سے برمنگھم میں شروع ہوگا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top