پینشن لینے والوں کے لیے اہم خبر، نادرا نے تصدیق کا نیا طریقہ متعارف کرا دیا

Pakistan SCO Summit 2026

پشاور: نادرا نے 30 لاکھ سے زائد پینشنرز کے لیے پینشنرز ویری فکیشن سسٹم کا باقاعدہ آغاز کردیا، معمر اور معذور افراد کو چہرے کی شناخت کے ذریعے لائف سرٹیفکیٹ کی سہولت بھی فراہم کردی گئی۔

قومی ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کے مطابق نئے نظام کا مقصد وفاقی و صوبائی محکموں، مسلح افواج اور دیگر ملحقہ اداروں سے وابستہ پینشنرز کو بینکوں کے بار بار چکر لگانے اور دستی بائیومیٹرک یا تصدیقی عمل کی زحمت سے نجات دلانا ہے۔ اس سسٹم کا افتتاح وزیراعظم پاکستان نے 20 اگست 2026 کو کیا تھا۔

نادرا کے مطابق تمام پینشنرز ویری فکیشن سسٹم (NPVS) کی تصدیقی خدمات مفت فراہم کی جارہی ہیں۔ عمر رسیدہ، معذور یا انگلیوں کے نشانات کی تصدیق میں دشواری کا سامنا کرنے والے پینشنرز کے لیے چہرے کی شناخت کا نظام متعارف کرایا گیا ہے۔

نئے نظام کے تحت تصدیق مکمل ہونے کے بعد پروف آف لائف سرٹیفکیٹ براہ راست متعلقہ پینشن کنٹرولر کو ڈیجیٹل سسٹم (API) کے ذریعے منتقل ہوجائے گا، جس سے بینکوں میں کاغذی اسناد جمع کرانے کی ضرورت ختم ہوجائے گی۔ بیرون ملک مقیم پاکستانی پینشنرز بھی بغیر کسی اضافی طریقہ کار کے اس ڈیجیٹل سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : ایزی پیسہ سے 30 ہزار تک قرض حاصل کرنے کا طریقہ جان لیں

نادرا کے مطابق یہ نظام پینشن کنٹرولرز کو پینشنر کی وفات، ازدواجی حیثیت میں تبدیلی، نااہلی کی صورتحال یا شناختی کارڈ منسوخ ہونے کی صورت میں فوری ریئل ٹائم نوٹیفکیشن بھی فراہم کرے گا۔

فیملی پینشن کے عمل کو شفاف بنانے کے لیے ایف آر سی ویری فکیشن کی سہولت بھی سسٹم میں شامل کی گئی ہے۔

نادرا کے مطابق وزارت ریلوے، ایٹمی توانائی کمیشن، واپڈا، پیسکو، پی بی سی ایچ ڈی اے، ای او بی آئی، کے ایم سی اور مختلف یونیورسٹیوں سمیت متعدد اداروں کو بھی اس سسٹم میں شامل کرلیا گیا ہے۔

نادرا کا کہنا ہے کہ پینشنرز ویری فکیشن سسٹم سے جعل سازی اور جعلی دعوؤں کی روک تھام میں مدد ملے گی، قومی خزانے کی بچت ہوگی جبکہ پینشن کی فراہمی کا عمل مزید شفاف اور تیز رفتار بن سکے گا۔

Pakistan SCO Summit 2026
Scroll to Top