چارسدہ کی تحصیل شبقدر کے علاقے دریاب کورونہ میں سوتنوں کے درمیان مبینہ گھریلو تنازع کے نتیجے میں دو خواتین جاں بحق ہوگئیں۔
پولیس کے مطابق ایک خاتون نے مبینہ طور پر اپنی سوتن پر کلہاڑی اور دیگر اوزاروں سے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں وہ موقع پر جاں بحق ہوگئی، جبکہ مبینہ ملزمہ نے بعد ازاں قریبی گہرے کنویں میں چھلانگ لگا دی اور جاں بحق ہوگئی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ تھانہ خواجہ وس کی حدود میں پیش آیا۔ دونوں خواتین سوتنیں تھیں اور الگ الگ گھروں میں رہائش پذیر تھیں، جبکہ ان کا شوہر بیرونِ ملک مقیم ہے۔
یہ بھی پڑھیں:بونیر میں افسوسناک حادثہ، دریائے برندو میں تین خواتین ڈوب گئیں، دو جاں بحق
پولیس کے مطابق مقتولہ تین بچوں کی والدہ تھی، جبکہ دوسری خاتون کی ایک بچی ہے۔ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





