پنجاب میں مون سون بارشوں کے نویں اور آخری اسپیل کے پیش نظر صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے الرٹ جاری کردیا۔
پی ڈی ایم اے کے ترجمان کے مطابق آج سے 17 ستمبر تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارشوں کا امکان ہے، جس کے پیش نظر ضلعی انتظامیہ کو محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال اور مری میں بارش متوقع ہے۔ لاہور، قصور، شیخوپورہ، نارووال، گوجرانوالہ، وزیرآباد اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ مری، گلیات اور دیگر پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔
خوشاب، میانوالی، نورپور تھل، جھنگ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، لیہ، بھکر، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان، ملتان اور گردونواح میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
ڈی جی پی ڈی ایم اے سیف انور جپہ نے صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر تمام ضلعی انتظامیہ کو پیشگی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : صبح اٹھتے ہی ایک گلاس پانی پینے کے صحت پر ممکنہ فوائد
انہوں نے ہدایت کی کہ بڑے شہروں میں مون سون بارشوں کے باعث اربن فلڈنگ کے خدشے کے پیش نظر انتظامیہ بروقت اقدامات یقینی بنائے۔ راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ برساتی نالوں میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ موجود ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیات کے مطابق کل شام سے 16 ستمبر تک تھرپارکر، عمرکوٹ، میرپورخاص، بدین، ٹھٹھہ، سجاول اور ٹنڈو محمد خان میں وقفے وقفے سے تیز ہواؤں، آندھی اور بارش کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات نے کراچی کے شہریوں کے لیے بھی بارش کی پیشگوئی کی ہے۔ شہر قائد میں 14 سے 16 ستمبر تک گرج چمک کے ساتھ ہلکی بارش متوقع ہے۔





