اسلام آباد: کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) اور ضلعی انتظامیہ نے اسلام آباد کے سیکٹر جی سکس فور (G-6/4) میں مولانا فضل الرحمان کے زیرِ استعمال رہائش گاہ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے گھر کی الاٹمنٹ منسوخ کر دی ہے اور مجسٹریٹ نے مکان کو سیل کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ اور مجسٹریٹ نے کارروائی کرتے ہوئے رہائش گاہ میں موجود مولانا فضل الرحمان کے اہلِ خانہ کو گھر خالی کرنے کے لیے صرف 30 منٹ کی مہلت دی، جس کے بعد اہلِ خانہ وہاں سے روانہ ہو گئے اور مجسٹریٹ نے مکان کو باقاعدہ سیل کر دیا۔
سی ڈی اے اسٹیٹ مینجمنٹ ون کی جانب سے 27 نومبر 2026 کو جاری کردہ باضابطہ حکم نامے (نمبر CDA/EM-1-G-6/4 (St83)7/62/28784) کے مطابق سیکٹر جی سکس فور کی گلی نمبر 83 میں واقع مکان نمبر 7 (رقبہ 1200 مربع گز) کو امان اللہ ولد محمد یونس کے نام منتقل کیا گیا تھا، جسے مبینہ طور پر مولانا فضل الرحمان کی اربوں روپے مالیت کی بے نامی جائیداد قرار دیا جا رہا ہے۔
حکم نامے میں واضح کیا گیا ہے کہ ڈسٹرکٹ مجسٹریٹ اسلام آباد، فوکل پرسن برائے غیر قانونی غیر ملکیوں کی واپسی (IFRP) اور نادرا کی جانب سے 25 نومبر 2026 کو موصول ہونے والی سرکاری رپورٹس اور اسپیشل برانچ کی تصدیق کے مطابق امان اللہ ولد محمد یونس غیر ملکی شہری نکلا ہے، جس کے باعث نادرا نے اس کا پاکستانی کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ (CNIC) منسوخ کر دیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : اسٹریٹ پاور کے بلند بانگ دعوے اپنے ہی کارکنوں نے کوڑے دان میں پھینک دیے، لاہور کی رہائش گاہ کی ملکیت پر بھی سوالات اٹھ گئے
نادرا ریکارڈ کے مطابق امان اللہ کے والد محمد یونس کے نام پر دو الگ الگ شناختی کارڈز پائے گئے تھے اور تصدیقی ایجنسیوں کی جانچ پڑتال کے بعد امان اللہ کی غیر ملکی شہریت ثابت ہوئی۔
سی ڈی اے کے مطابق پراپرٹی مینول کے باب 6 کے پیراگراف 11(v) کے تحت جائیداد کی منتقلی کے لیے درست اور قانونی پاکستانی شناختی کارڈ کا ہونا لازمی شرط ہے۔
چونکہ شناختی کارڈ منسوخ ہو چکا ہے اور فارنرز ایکٹ 1946 کے سیکشن 3 اور وفاقی حکومت کے 1984 کے حکم نامے کے تحت کوئی بھی غیر ملکی شہری وفاقی یا صوبائی حکومت کی پیشگی تحریری اجازت کے بغیر پاکستان میں جائیداد نہیں خرید سکتا، اس لیے جائیداد کی منتقلی کا عمل غیر قانونی قرار پایا۔
ان حقائق اور سرکاری اداروں کی تصدیق کی روشنی میں سی ڈی اے اسٹیٹ ونگ نے امان اللہ کے نام اس گھر کی الاٹمنٹ اور ٹائٹل کی تبدیلی منسوخ کرنے کی کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گھر کو سیل کرنے کے احکامات جاری کیے، جس پر ضلعی انتظامیہ اور مجسٹریٹ نے فوری عمل درآمد کرتے ہوئے رہائش گاہ کو سربمہر کر دیا ہے۔





