ریلوے ٹریک پر ہینڈز فری لگا کر موبائل فون استعمال کرنے والے دو نوجوان ٹرین کی زد میں آکر جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق واقعہ ملتان میں بستی خداداد کے علاقے ڈبل پھاٹک پر پیش آیا جہاں دونوں نوجوان مبینہ طور پر کانوں میں ہینڈز فری لگا کر ریلوے ٹریک پر بیٹھے گانے سن رہے تھے۔
عینی شاہدین کے مطابق اسی دوران ٹرین آگئی، تاہم نوجوانوں کو اس کی آمد کا احساس نہ ہوسکا اور وہ ٹرین کی زد میں آکر جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔
جاں بحق نوجوانوں کی شناخت 21 سالہ عبدالرحمن اور 22 سالہ محمد ندیم کے نام سے ہوئی ہے۔ عبدالرحمن کا تعلق بستی خداداد جبکہ محمد ندیم کا تعلق پاکپتن سے تھا۔
اطلاعات کے مطابق عبدالرحمن اپنے والدین کا اکلوتا بیٹا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریلوے پولیس موقع پر پہنچ گئی، جبکہ دونوں نوجوانوں کی لاشیں نشتر اسپتال منتقل کردی گئیں۔
واقعے کے باعث دونوں خاندانوں میں کہرام مچ گیا، جبکہ یہ افسوسناک حادثہ ریلوے ٹریک کے قریب احتیاط برتنے اور اردگرد کے ماحول سے باخبر رہنے کی اہمیت کو اجاگر کرتا ہے۔





