ہمارے روایتی دسترخوان کی جان اور ہر کھانے کے ذائقے کو چار چاند لگانے والا کھٹا تیکھا اچار جہاں زبان کے چٹخارے کے لیے ہر گھر کی پہلی پسند سمجھا جاتا ہے وہیں طبی دنیا سے ایک ایسی ہلا دینے والی حقیقت سامنے آئی ہے جو اس شوقین طبقے کی نیندیں اڑا سکتی ہے۔
ماہرینِ صحت خبردار کرتے ہیں کہ گھروں میں شوق سے تیار کیا جانے والا یا بازار سے منگوایا گیا مصالحہ دار اچار اگر اعتدال کے بجائے اندھا دھند استعمال کیا جائے تو یہ جسم کے اندر اندر ایک ایسا خاموش طوفان کھڑا کر سکتا ہے جس کے نقصانات کا اندازہ لگانا بھی مشکل ہے۔
اچار کی تیاری کا بنیادی جزو نمک ہوتا ہے جو کثرت سے استعمال ہو کر جسم میں سوڈیم کا لیول خطرناک حد تک بڑھا دیتا ہے۔ سوڈیم کی یہ زیادتی براہِ راست ہائی بلڈ پریشر کو دعوت دیتی ہے۔
ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جن لوگوں کو پہلے ہی بلڈ پریشر کا عارضہ لاحق ہے ان کے لیے اچار کا روزانہ کا استعمال دل اور خون کی شریانوں کی تباہی کا سبب بن سکتا ہے۔
جب جسم میں نمک کی زیادتی ہوتی ہے تو یہ نہ صرف خون کے دبائو کو بڑھاتی ہے بلکہ جسم کا اندرونی آبی توازن بھی برباد کر کے رکھ دیتی ہے۔ اس کا سارا بوجھ جا کر گردوں پر پڑتا ہے جو طویل عرصے تک برداشت کرتے کرتے تھک جاتے ہیں۔
مشہور سائنسی جریدے ’انٹرنیشنل جرنل آف مالیکیولر سائنسز‘ میں چھپنے والی ایک ہلا دینے والی تحقیق میں بھی یہ ثابت ہو چکا ہے کہ غذا میں نمک کی زیادتی کس طرح گردوں اور شریانوں کو اندر سے کھوکھلا کر دیتی ہے۔
بازار یا گھروں میں تیل میں ڈبو کر تیار کیے جانے والے اچار کا معاملہ اور بھی گھمبیر ہے۔ اگر اسے تیار کرتے وقت غیر معیاری یا نقصان دہ تیل کا استعمال کیا جائے تو یہ جسم میں ایل ڈی ایل یعنی “برے کولیسٹرول” کو آسمان پر پہنچا دیتا ہے اور مفید کولیسٹرول کا صفایا کر دیتا ہے۔اگرچہ ہر اچار میں ٹرانس فیٹ نہیں ہوتی، لیکن اس کے باوجود چکنائی کا بے تحاشا استعمال کسی بڑے خطرے سے خالی نہیں۔
یہ بھی پڑھیں : 3 سالہ بچے کو بہترین فٹ بال کھیلنے پر گراؤنڈ سے نکالنے کا انوکھا اور شرمناک واقعہ!
طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ اچار کو اپنی خوراک سے ہمیشہ کے لیے نکال دینا کوئی عقلمندی نہیں کیونکہ ذائقے کی اپنی اہمیت ہے، البتہ اس کا استعمال صرف اور صرف اعتدال کی حد تک محدود رکھا جائے۔
کم نمک والی اقسام کا انتخاب اور متوازن ڈائٹ ہی وہ واحد ڈھال ہے جو آپ کو اس کے برے اثرات سے محفوظ رکھ سکتی ہے۔





