ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کے پشاور میں دیے گئے اہم اور تاریخی خطاب نے ملک کے سیاسی و دفاعی ایوانوں میں ایک بار پھر ہلچل مچا دی ہے۔
اس اہم پیش رفت پر تجزیہ کرتے ہوئے معروف اور سینئر صحافی عقیل یوسفزئی نے انکشاف کیا ہے کہ پاک فوج اور ریاست کے اہداف اب مکمل طور پر واضح ہو چکے ہیں اور اس حوالے سے کسی بھی قسم کا ابہام پھیلانے والے عناصر کے پاس اب کوئی گنجائش نہیں بچی۔
سینئر صحافی عقیل یوسفزئی کے مطابق بریفنگ کا سب سے پہلا اور اہم پوائنٹ یہ تھا کہ ریاستِ پاکستان کا فیصلہ حتمی اور پرعزم ہے۔ دہشت گردوں کے ساتھ نہ تو کوئی مذاکرات کیے جائیں گے اور نہ ہی ان کو کسی بھی قسم کی رعایت دی جائے گی۔ ریاست نے واضح کر دیا ہے کہ ملک کا امن تباہ کرنے والے عناصر کے خلاف جنگ آخری حد تک لڑی جائے گی۔
بریفنگ کے دوسرے اہم نقطے پر روشنی ڈالتے ہوئے عقیل یوسفزئی نے بتایا کہ افغانستان کی سر زمین سے پاکستان کے خلاف کارروائیاں کرنے والے گروہوں کو واضح پیغام دے دیا گیا ہے۔
پاکستان کی جانب سے افغان سرحد کے اندر موجود دہشت گردانہ نیٹ ورکس کے خلاف مزید کارروائیاں کی جائیں گی اور ریاستی ادارے دشمن کا اندر تک تعاقب کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔
صوبہ خیبر پختونخوا کے سیاسی مستقبل سے متعلق پھیلی ہوئی افواہوں پر ترجمان نے واضح موقف اختیارکیاکہ فی الحال خیبرپختونخوا اسمبلی کی بحالی یا کے پی میں کسی متبادل وزیراعلیٰ کے آنے کا کوئی امکان موجود نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس حوالے سے انفرادی تاثر پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، وہ بالکل غلط اور بے بنیاد ثابت ہو چکے ہیں۔
خطاب کا سب سے سخت اور اہم پہلو یہ تھا کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) سمیت ہر وہ سیاسی پارٹی یا عنصر جو دہشت گردوں کی معاونت کرے گا ان کی ترجمانی کرے گا یا ان سے کسی بھی قسم کی ہمدردی رکھے گا اس کے لیے پاکستان کے پولیٹیکل ورک اور سیاسی میدان میں اب کوئی گنجائش نہیں بچی۔ ریاستی پالیسی اب مکمل شفاف اور سخت ہو چکی ہے۔
صحافی عقیل یوسفزئی نے بتایا کہ جب ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف سے یہ سوال پوچھا گیا کہ کیا خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کی وجہ یہ ہے کہ بعض قوتیں یہاں کی معدنیات پر کنٹرول حاصل کرنا چاہتی ہیں؟ تو انہوں نے اس تاثر کو سخت الفاظ میں رد کر دیا۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا جواب تھا کہ یہ بالکل غلط اور من گھڑت تاثر ہے۔ معدنیات صرف خیبرپختونخوا میں نہیں ہیں بلکہ سب سے زیادہ کوئلہ، گیس اور تیل کا ذخیرہ صوبہ سندھ میں ہے۔ اگر مقصد معدنیات پر قبضہ ہوتا تو پھر سندھ میں دہشت گردی کیوں نہیں ہے؟
یہ بھی پڑھیں : ریاستی آئین کو چیلنج کرنے والوں کے ساتھ کوئی بات چیت نہیں ہو سکتی، گورنرپختونخوا کا واضح اعلان
سینئر صحافی عقیل یوسفزئی کا کہنا تھا کہ اس تفصیلی اور اہم بریفنگ کے بعد تمام ابہام اور شکایات کا خاتمہ ہو چکا ہے۔ پاکستان کی ریاست اور ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا روڈ میپ بالکل روشن اور حتمی ہے اور اس بریفنگ کے بعد قومی سلامتی پر سودے بازی کرنے والے عناصر کا گراف یکسر نیچے آ چکا ہے۔





