شانگلہ کے علاقے بیلے بابا، شلمانوں پیر آباد میں سکول کے طلباء کو لے جانے والی جیپ افسوسناک حادثے کا شکار ہو گئی، جس کے نتیجے میں ایک طالب علم جاں بحق جبکہ 18 طلباء زخمی ہو گئے۔
حادثے کا شکار ہونے والی جیپ سمارٹ پبلک سکول بیلے بابا کے طلباء کو لے جا رہی تھی۔ حادثے میں زخمی ہونے والے بچوں کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال الپوری منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔
واقعے کی اطلاع ملنے پر ڈپٹی کمشنر شانگلہ حامد علی نے ڈی ایچ کیو ہسپتال الپوری کا دورہ کیا اور زخمی طلباء کی عیادت کی۔ اس موقع پر انہوں نے بچوں کو فراہم کی جانے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور ہسپتال انتظامیہ سے زخمی طلباء کے علاج معالجے کے حوالے سے معلومات حاصل کیں۔
دوسری جانب شلمانوں پیر آباد سکول جیپ حادثے کے معاملے پر قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق سکول کے پرنسپل اور متعلقہ ڈرائیور کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔





