دیر کالونی سکول سانحہ کے بعد ضلعی انتظامیہ نے پشاور میں خستہ حال تعلیمی اداروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مزید 4 نجی و سرکاری سکولوں اور مدرسے کو سیل کر دیا ہے۔
انتظامیہ کے مطابق معائنے کے دوران مخدوش عمارتوں کی نشاندہی کی گئی ہے جبکہ غیر محفوظ عمارتوں کے حامل مزید تعلیمی اداروں کو بھی بند کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر پشاور آفاق وزیر کی ہدایات پر گزشتہ روز انتظامی افسران نے شہر کے مختلف علاقوں میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ کیا۔
اس دوران عمارتیں خستہ حال اور منہدم ہونے کے خطرے سے دوچار ہونے کے باعث 4 تعلیمی اداروں کو حفاظتی اقدامات کے تحت سیل کر دیا گیا۔
سیل کیے جانے والے اداروں میں گنج منڈی میں واقع مون لائٹ سکول اور مدرسہ، یکہ توت میں رمشا سکول جبکہ لاہوری گیٹ میں واقع گورنمنٹ پرائمری سکول شامل ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق تعلیمی اداروں کو سیل کرنے کا فیصلہ طلباء، اساتذہ اور دیگر عملے کی جانوں کو ممکنہ خطرات سے محفوظ رکھنے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لیے کیا گیا ہے۔
انتظامیہ نے واضح کیا ہے کہ شہر بھر میں تعلیمی اداروں کی عمارتوں کا معائنہ جاری رہے گا اور غیر محفوظ قرار دی جانے والی عمارتوں میں تدریسی سرگرمیاں بند کر دی جائیں گی۔
واضح رہے کہ رواں ماہ پشاور کے علاقے دیر کالونی میں الخیر سٹیم سکول کی عمارت منہدم ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں ایک استانی سمیت 30 سے زائد بچے شہید ہو گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں: دیر کالونی اسکول سانحے کے ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی عمل میں لائی جائے،فیصل کریم کنڈی
سانحے کے بعد شہر کے دیگر تعلیمی اداروں کی عمارتوں کی حفاظت سے متعلق اقدامات تیز کر دیے گئے ہیں۔





