پاکستان میں ذہنی امراض کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 24 لاکھ تک پہنچ گئی

سائیکاٹرسٹس ملک چھوڑ گئے، حکومت کے پاس صرف کاغذی منصوبے، پاکستان میں 3 کروڑ 24 لاکھ افراد ذہنی امراض میں مبتلا ہو چکے ہیں اور صورتحال ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید خوفناک شکل اختیار کرتی جا رہی ہے۔

گزشتہ 4 سالوں کے دوران ذہنی مریضوں کی تعداد میں 8 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے، جس کے بعد ہر سال 6 لاکھ سے زائد نئے افراد اس موذی نفسیاتی بحران کی لپیٹ میں آ رہے ہیں۔

وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال نے قومی اسمبلی میں تحریری جواب جمع کراتے ہوئے انکشاف کیا کہ گلوبل برڈن آف ڈیزیز اسٹڈی کے مطابق 2019 میں یہ تعداد 3 کروڑ تھی جو 2023 میں بڑھ کر 3 کروڑ 24 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

ملک میں نفسیاتی امراض کی اس تشویشناک صورتحال پر ہر 2 لاکھ 45 ہزار سے زائد شہریوں کے لیے صرف ایک سائیکاٹرسٹ میسر ہے، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ناکافی سہولیات اور کم تنخواہوں کے باعث ڈاکٹرز تیزی سے ملک چھوڑ رہے ہیں۔

25 کروڑ 77 لاکھ آبادی کے لیے عملی طور پر کام کرنے والے ماہرین نفسیات کی تعداد صرف 900 کے قریب رہ گئی ہے، جبکہ پنجاب میں 406، سندھ میں 228، کے پی میں 122 اور بلوچستان میں محض 44 سائیکاٹرسٹس موجود ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ڈرامے بازی کی حد ہو گئی، 9 سال میں ایک اینٹ نہ لگ سکی، پی ٹی آئی کا ملاکنڈ پاور اسکینڈل بے نقاب

دیہی علاقوں کی حالت زار اور بھی ابتر ہے جہاں حافظ آباد، خوشاب اور چکوال جیسے اضلاع میں مستقل ماہر نفسیات سرے سے موجود ہی نہیں ہیں اور منڈی بہاؤالدین جیسے اضلاع میں محض ایک ہی ماہر کے رحم و کرم پر پورا علاقہ چھوڑ دیا گیا ہے۔

دوسری جانب حکومتی صحت کارڈ اور انشورنس پروگرامز سے ذہنی امراض کا علاج مکمل طور پر غائب ہے، جس کے باعث کروڑوں مریض بغیر کسی سرکاری امداد کے اپنے خرچ پر علاج کرانے یا روحانی معالجین اور حکیموں کے ہاتھوں ذلیل ہونے پر مجبور ہیں۔

ماہرین کے مطابق معاشی مشکلات، بے روزگاری، عدم تحفظ اور سوشل میڈیا کے بڑھتے منفی اثرات نے بالخصوص نوجوانوں اور خواتین کو انزائٹی و ڈپریشن کا شکار بنا دیا ہے۔

وزارت صحت اگرچہ 2026-2035 کی نئی پالیسیوں اور ہیلپ لائنز کے دعوے کر رہی ہے، مگر جب تک بجٹ مختص نہیں ہوگا اور صحت کارڈ میں علاج شامل نہیں کیا جائے گا، یہ تمام حکومتی دعوے محض کاغذی کارروائیاں اور فریب ہی رہیں گے۔

Scroll to Top