اسلام آباد: فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے واضح کیا ہے کہ انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کی آج (31 اکتوبر) آخری تاریخ ہے اور اس میں کسی قسم کی مزید توسیع نہیں کی جائے گی۔
ایف بی آر حکام کے مطابق ہفتہ وار تعطیل کے باوجود آج ملک بھر میں تمام ٹیکس دفاتر کھلے رہیں گے تاکہ ٹیکس دہندگان کو وقت پر گوشوارے جمع کرانے میں ہر ممکن سہولت اور رہنمائی میسر آ سکے۔
ٹیکس وصولیوں کے حوالے سے حکام نے بتایا کہ ایف بی آر نے 30 اکتوبر تک 978 ارب روپے کا ٹیکس جمع کر لیا ہے، جبکہ اکتوبر کے ماہانہ ہدف کے تحت 1132 ارب روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں ذہنی امراض کے مریضوں کی تعداد 3 کروڑ 24 لاکھ تک پہنچ گئی
ٹیکس حکام کا کہنا ہے کہ مقررہ ہدف کے شارٹ فال کو پورا کرنے اور مطلوبہ ہدف کے حصول کے لیے 31 اکتوبر کو بھرپور کوششیں کی جا رہی ہیں تاکہ وصولیوں کے عمل کو تیز سے تیز تر بنایا جا سکے۔
ایف بی آر نے تمام شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ قانونی کارروائی سے بچنے کے لیے آج ہی اپنے انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرائیں۔





