سہ ملکی ون ڈے سیریز کا فائنل: پاکستان کا ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ

لاہور: سہ ملکی ون ڈے سیریز کے فائنل میں پاکستان نے سری لنکا کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جبکہ قومی ٹیم کے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے پلیئنگ الیون میں ایک اہم تبدیلی کا اعلان کرتے ہوئے شاداب خان کی جگہ فہیم اشرف کو ٹیم میں شامل کرلیا ہے۔

ٹاس کے بعد گفتگو کرتے ہوئے کپتان شاہین شاہ آفریدی نے بتایا کہ شاداب خان بیماری کے باعث فائنل میں شرکت نہیں کر رہے، ان کی جگہ فہیم اشرف آج کے فیصلہ کن مقابلے میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔

شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ سری لنکن ٹیم مسلسل اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کر رہی ہے، اس لیے پاکستان کی کوشش ہوگی کہ ابتدائی 10 اوورز میں حریف ٹیم کی وکٹیں حاصل کی جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ٹیم میں چار فاسٹ بولرز شامل کیے گئے ہیں اور بولرز کی اولین ترجیح وکٹیں حاصل کرنا ہوگی۔

دوسری جانب سری لنکن کپتان کوشل مینڈس نے کہا کہ آج کی وکٹ گزشتہ میچز کے مقابلے میں مختلف دکھائی دے رہی ہے۔ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں نے فائنل کے لیے بھرپور تیاری کی ہے اور کامیابی حاصل کرنے کے لیے ہر کھلاڑی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستانی ٹیم ابھی اپنی بہترین کرکٹ نہیں کھیل سکی، فائنل جیتنے کے لیے پُرعزم ہیں، سلمان علی آغا

سری لنکن کپتان نے ٹیم میں ایک تبدیلی کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ایشان ملنگا آج فائنل میں حصہ نہیں لیں گے۔

فائنل سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے گورنر ہاؤس لاہور میں ٹرافی شوٹ میں بھی شرکت کی۔ پاکستان کی قیادت شاہین شاہ آفریدی جبکہ سری لنکن ٹیم کی کپتانی کوشل مینڈس کر رہے ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے سہ ملکی سیریز کے دوران انگلینڈ کے خلاف دونوں میچز جبکہ سری لنکا کے خلاف ایک میچ میں کامیابی حاصل کی۔ اب قومی ٹیم کی نظریں ہوم گراؤنڈ پر پہلی ون ڈے انٹرنیشنل سہ ملکی سیریز کی ٹرافی جیتنے پر مرکوز ہیں۔

Scroll to Top