خیبر پختونخوا کے انتظامی ڈھانچے میں بڑی تبدیلی، 32 محکمے نئے نظام کے ماتحت

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے انتظامی ڈھانچے میں اہم تبدیلی کرتے ہوئے 32 محکموں اور اداروں کا انتظامی کنٹرول ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کو منتقل کرنے کی منظوری دے دی ہے۔

نئے انتظامی نظام کے تحت متعلقہ محکموں کے افسران اور ماتحت عملہ نامزد سیکرٹریز کو رپورٹ کرے گا، جبکہ سرکاری ریکارڈ، اثاثے، دفتری وسائل اور دیگر انتظامی امور بھی منتقل کیے جائیں گے۔

محکمہ انسانی وسائل و انتظامی امور خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری یا نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر کی جانب سے مقرر کردہ سیکرٹریز متعلقہ محکموں اور اداروں کے انتظامی امور کی نگرانی کریں گے۔

اس فیصلے کے تحت وہ افسران اور ملازمین جو پہلے صوبائی حکومت کے متعلقہ انتظامی محکموں کے سربراہان کو رپورٹ کرتے تھے، اب نئے انتظامی نظام کے تحت نامزد سیکرٹریز کو رپورٹ کریں گے۔ محکموں کے فرائض، ذمہ داریاں، سرکاری ریکارڈ، اثاثے، آلات اور دفتری وسائل بھی انتظامی کنٹرول کی منتقلی کا حصہ ہوں گے۔

کن 32 محکموں اور اداروں کا انتظام منتقل ہوگا؟

یہ بھی پڑھیں : خیبر پختونخوا کوپاکستان کا ڈیجیٹل ہارٹ بنانے کا اعلان! 2030 کا ماسٹر پلان تیار!

ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ کے ماتحت کیے جانے والے اداروں میں محکمہ اوقاف، آثار قدیمہ و عجائب گھر، ٹورازم اتھارٹی، ڈرگ کنٹرول اینڈ فارمیسی سروسز، اعلیٰ تعلیم، وائلڈ لائف، ماحولیاتی تحفظ کا ادارہ، ہائی وے اتھارٹی، محکمہ خوراک، فوڈ سیفٹی اینڈ حلال فوڈ اتھارٹی، ہاؤسنگ اتھارٹی، محکمہ محنت، قانون و انسانی حقوق، کوآپریٹو سوسائٹیز اور مائنز لیبر ویلفیئر شامل ہیں۔

اس کے علاوہ محکمہ ٹرانسپورٹ، توانائی و بجلی، سول ڈیفنس، ریسکیو 1122، مانیٹرنگ اینڈ ایویلیوایشن، اربن پالیسی یونٹ، اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ، لینڈ ریکارڈ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی، یوتھ افیئرز، ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، پراسیکیوشن، جیل خانہ جات، صوبائی سکیورٹی سیکرٹریٹ، ری ہیبلیٹیشن اینڈ پروبیشن اور لوکل کونسل بورڈ بھی اس انتظامی تبدیلی میں شامل ہیں۔

سرکاری ملازمین کی ملازمت اور مراعات متاثر نہیں ہوں گی

نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ متعلقہ اداروں میں پہلے سے تعینات افسران اور اہلکار اپنی ذمہ داریاں نئے انتظامی نظام کے تحت انجام دیتے رہیں گے، تاہم انتظامی کنٹرول کی منتقلی سے ان کی ملازمت کی حیثیت، سنیارٹی، پنشن اور دیگر قانونی مراعات متاثر نہیں ہوں گی۔

اسی طرح کیڈر کی تبدیلی یا مستقل تقرری میں تبدیلی بھی تصور نہیں کی جائے گی۔

سرکاری ملازمین کے تبادلوں کا طریقہ کار بھی تبدیل

نئے نظام کے تحت سرکاری ملازمین کے ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ اور صوبائی حکومت کے دیگر محکموں کے درمیان تبادلوں کے اختیارات بھی مخصوص طریقہ کار کے تحت استعمال کیے جائیں گے۔

یہ بھی پڑھیں : پشاور تا رشکئی موٹروے کی بندش کے حوالے سے بڑی خبر، مسافروں کے لیے اہم اطلاع جاری

ایسے تبادلے ایڈیشنل چیف سیکرٹری یا نامزد اضلاع کے ایڈمنسٹریٹر کی سفارش پر چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی منظوری سے محکمہ انسانی وسائل و انتظامی امور کے ذریعے کیے جائیں گے۔

بجٹ اور مالیاتی امور کے لیے بھی نئے انتظامات

محکمہ خزانہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ ایریا ڈویلپمنٹ سیکرٹریٹ اور متعلقہ انتظامی محکموں کی مشاورت سے بجٹ، تنخواہوں، آپریشنل اخراجات، ترقیاتی فنڈز اور ڈرائنگ اینڈ ڈسبرسنگ افسران کی نامزدگی سمیت دیگر ضروری مالیاتی انتظامات کیے جائیں۔

نوٹیفکیشن کے مطابق متعلقہ محکمے اور ادارے فی الحال اپنے موجودہ دفاتر میں ہی کام جاری رکھیں گے۔ انہیں دستیاب فرنیچر، مشینری، گاڑیاں اور دیگر دفتری سہولیات استعمال کرنے کی اجازت ہوگی۔

یہ انتظامات آئندہ احکامات تک برقرار رہیں گے تاکہ انتظامی تبدیلی کے دوران عوامی خدمات اور جاری ترقیاتی سرگرمیوں میں کسی قسم کا تعطل پیدا نہ ہو۔

Scroll to Top