پشاور: ایک کے بعد ایک سڑک کی بندش اور ٹریفک کے موڑ جانے کی اطلاعات کے بعد بالآخر مسافروں اور ڈرائیوروں کے لیے بڑی راحت کی خبر سامنے آ گئی ہے۔
نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹروے پولیس کے جاری کردہ تازہ ترین بیان کے مطابق ان کے دائرہ اختیار میں آنے والی تمام قومی شاہراہیں اور موٹرویز اب ٹریفک کی آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھول دی گئی ہیں۔
اس سے قبل ایم-1 پر مین ٹال پلازہ پشاور کلومیٹر 498 سے لے کر رشکئی کلومیٹر 460 تک کا حصہ شدید دھند اور نقطہ نظر (visibilty) انتہائی متاثر ہونے کی وجہ سے عارضی طور پر ہر قسم کی ٹریفک کے لیے بند کر دیا گیا تھا، تا کہ کسی بھی ممکنہ حادثے سے بچا جا سکے۔
تاہم موسم کی صورتحال میں بہتری اور دھند کی چھٹنے کے بعد موٹروے پولیس نے خطرے کو ٹلا ہوا محسوس کرتے ہوئے اس اہم شاہراہ کو دوبارہ بحال کر دیا ہے، جس کے بعد پشاور اور رشکئی کے درمیان معطل گاڑیوں کا بہاؤ ایک بار پھر روانی سے جاری ہو چکا ہے۔
دوسری جانب سفر کرنے والے مسافروں کی معلومات اور راستے کی منصوبہ بندی کے لیے موٹروے پولیس نے ایک اہم سفری ہدایت بھی جاری کی ہے۔
موٹروے ایم-4 پر فیصل آباد کے قریب جاری تعمیراتی اور مرمتی کام کے باعث پنڈی بھٹیاں کی سمت جانے والی ٹریفک کے روٹ میں عارضی تبدیلی کی گئی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دیر کالونی سکول سانحہ کے بعد پشاور میں مزید 4 خستہ حال تعلیمی ادارے سیل
اس روٹ کی گاڑیوں کو فیصل آباد کے مقام سے بائی پاس کر کے چنیوٹ تا پنڈی بھٹیاں روڈ کی جانب موڑ دیا گیا ہے تا کہ سڑک کی مرمت کا کام بغیر کسی تعطل کے مکمل کیا جا سکے اور ڈرائیوروں کو بھی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
موٹروے پولیس نے تمام ڈرائیوروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر کے دوران تیز رفتاری سے پرہیز کریں، لین کی پابندی یقینی بنائیں اور ڈائیورژن کے مقامات پر موٹروے پولیس کے اہلکاروں کی ہدایات پر عمل کریں۔





