کرائے پر لیا گیا گھر ہڑپ، فضل الرحمان نے غریب کو در بدر کر دیا، مالک کی گورنر خیبر پختونخوا سے واگزار کرانے کی اپیل

کوہاٹ : کوہاٹ کے رہائشی نورالٰہی کی فریاد نے مذہب اور تعلیم کے نام پر قابضین کے گھناؤنے چہرے پر سے پردہ اٹھا دیا ہے، جہاں فضل الرحمان کے مدرسے کی آڑ میں ایک غریب شہری کا ذاتی مکان نہ صرف ہضم کر لیا گیا بلکہ اسے اپنے ہی حق مانگنے پر سنگین نتائج اور قانون کی جبریت کا نشانہ بھی بنایا گیا۔

متاثرہ شہری نورالٰہی کے مطابق انہوں نے قاری شیر زمان کی ترغیب اور دینی جذبے کے تحت مدرسے کے بچوں کی رہائش کے لیے اپنا گھر کرائے پر دیا تھا، مگر شروعات کے محض دو ماہ کا کرایہ ادا کرنے کے بعد پچھلے چھ ماہ سے ایک روپیہ بھی نہیں دیا گیا اور اب غنڈہ گردی اور اثر و رسوخ کے بل بوتے پر مکان پر مکمل قبضہ جمایا جا چکا ہے۔

مظلوم مالک مکان کا کہنا ہے کہ جب انہوں نے اپنے ہی گھر کی طرف قدم بڑھایا تو انہیں وہاں آنے سے سختی سے روک دیا گیا اور دھمکیاں دی گئیں۔

جبکہ حد تو یہ ہے کہ جب انصاف کی امید لے کر پولیس کے پاس پہنچے تو قانون کے رکھوالوں نے ظالموں کا ساتھ دیتے ہوئے الٹا خود نورالٰہی ہی کو حراست میں لے لیا اور ان کی جان و خلاص اندازاً ڈیڑھ لاکھ روپے کی نقد رقم اینٹھنے کے بعد ہی ممکن ہو سکی۔

یہ بھی پڑھیں : فضل الرحمان کے نامی اور بے نامی اثاثوں کی تفصیلات جاری

دینی بیانیے کے پیچھے چھپے اس قبضے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی اس شرمناک ملی بھگت پر نورالٰہی نے حکومتِ پاکستان اور گورنر خیبر پختونخوا سے فوری اور سخت ترین مداوا کرنے کی پرزور اپیل کی ہے تاکہ ان کا چھینا گیا گھر واپس دلوا کر ذمہ داروں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

Scroll to Top