سلمان علی خان
بنوں: ضلع بنوں میں 2 نومبر سے 5 نومبر 2026 تک شروع ہونے والی نومبر کی انسدادِ پولیو مہم کے دوران امن و امان کے قیام اور پولیو ورکرز کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ نے ضلع بھر میں دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔
ڈپٹی کمشنر بنوں ضیاء الرحمٰن کی جانب سے جاری کردہ رسمی حکم نامے (نمبر DC/PS/F-06 مورخہ 30 اکتوبر 2026) کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر بنوں کے مراسلے اور ماضی میں پولیو ٹیموں و پولیس اہلکاروں پر ہونے والے دہشت گردانہ حملوں کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔
حکم نامے کے تحت یکم نومبر سے 7 نومبر 2026 تک پورے ضلع میں اسلحے کی نمائش و استعمال، موٹر سائیکل پر ڈبل سواری اور گاڑیوں میں کالے شیشوں (Tinted Glasses) کے استعمال پر مکمل پابندی عائد رہے گی۔
یہ بھی پڑھیں : یکم نومبر کو آزادی کا جشن پُر جوش انداز میں جاری، آئی ایس پی آر نے ملی نغمہ ’’شانِ پاکستان، گلگت بلتستان‘‘ جاری کر دیا
نوٹیفکیشن میں واضح کیا گیا ہے کہ سرکاری پولیو ڈیوٹی پر مامور پٹواریوں اور یونین کونسل کے سیکرٹریز کو اسلحے کی نمائش پر عائد پابندی سے استثنیٰ حاصل ہو گا۔
ضلعی انتظامیہ نے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کی سیکورٹی اور علاقے کے امن کے لیے انتظامیہ کے احکامات پر عمل درآمد یقینی بنائیں۔
انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ حکم نامے کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف دفعہ 188 تعزیراتِ پاکستان (PPC) کے تحت سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔





