شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ مہنگی پڑے گی، دلہے بھی جیل جائیں گے

کاشف عزیز
پشاور: صوبائی دارالحکومت پشاور میں شادی بیاہ کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف پولیس نے زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت کارروائیاں تیز کر دی ہیں۔

پولیس نے واضح کیا ہے کہ شادی کی خوشی میں ہوائی فائرنگ کرکے شہریوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈالنے والے افراد کے ساتھ کسی قسم کی رعایت نہیں برتی جائے گی، جبکہ خلاف ورزی کی صورت میں دلہے بھی قانونی کارروائی سے نہیں بچ سکیں گے۔

پشاور کے مختلف علاقوں میں متعلقہ تھانوں کی پولیس نے فوری کارروائیاں کرتے ہوئے شادی کی تقریبات کے دوران ہوائی فائرنگ میں ملوث متعدد دلہوں کو گرفتار کر لیا۔ کارروائیوں کے دوران گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شادی بیاہ کی تقریبات میں ہوائی فائرنگ ایک انتہائی خطرناک اور غیر ذمہ دارانہ عمل ہے، جس کے نتیجے میں کسی بھی وقت کوئی بڑا حادثہ پیش آسکتا ہے۔

ہوائی فائرنگ کے دوران چلائی جانے والی گولیاں واپس زمین پر گرتے وقت کسی شہری کی جان بھی لے سکتی ہیں، جس سے نہ صرف انسانی زندگیوں بلکہ شہریوں کے جان و مال کو بھی شدید خطرات لاحق ہوتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : دیر کالونی سکول سانحہ کے بعد پشاور میں مزید 4 خستہ حال تعلیمی ادارے سیل

پشاور پولیس کی جانب سے ہوائی فائرنگ کی روک تھام کے لیے خصوصی مہم جاری ہے، جس کے تحت شادی کی تقریبات سمیت مختلف مواقع پر قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کارروائیاں عمل میں لائی جا رہی ہیں۔

پولیس نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ شادی کی خوشی میں اسلحے کی نمائش اور ہوائی فائرنگ کو معمولی معاملہ نہ سمجھا جائے۔ ایسے عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والے دلہوں کو بھی گرفتار کرکے جیل بھیجا جا سکتا ہے۔

پشاور پولیس نے واضح کیا ہے کہ شہر میں ہوائی فائرنگ کے خاتمے کے لیے جاری مہم بلا امتیاز جاری رہے گی اور کسی بھی شخص کو قانون سے بالاتر نہیں سمجھا جائے گا۔

Scroll to Top