ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: تنخواہیں مستقل ملازمین کے ساتھ ہی پراسیس کرنے کا فیصلہ

پشاور: کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور نے یومیہ اجرت (ڈیلی ویجز) پر کام کرنے والے ملازمین کی دیرینہ پریشانی کا خاتمہ کرتے ہوئے ان کی تنخواہوں سے متعلق ایک اہم اور بڑا فیصلہ کر لیا ہے۔ فیصلے کے تحت اب ڈیلی ویجز ملازمین کو بھی ماہانہ بنیادوں پر مستقل ملازمین کے ساتھ ہی وقت پر تنخواہیں ادا کی جائیں گی۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کی جانب سے اس انقلابی اقدام سے متعلق باقاعدہ آفس آرڈر جاری کر دیا گیا ہے۔

حکومتی احکامات میں ہدایت کی گئی ہے کہ یومیہ اجرت پر کام کرنے والے ملازمین کے لیے ہر ماہ تنخواہوں کے اجرا کا عمل مستقل ملازمین کے تنخواہ پراسیسنگ شیڈول کے ساتھ ہی انجام دیا جائے، تاکہ انہیں ماہانہ اخراجات اور مالی مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

شفاف ادائیگی کے لیے طریقہ کار اور احکامات

سرکاری حکم نامے کے ذریعے یومیہ اجرت پر مامور عملے کی تنخواہوں کی ادائیگی کا طریقہ کار اور شفافیت بھی واضح کر دی گئی ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق، متعلقہ پرنسپلز کی سفارشات کی روشنی میں ہی ڈیلی ویجز ملازمین کی تنخواہیں پراسیس کی جائیں گی۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے چھوڑے ہوئے ہتھیاروں کا پاکستان کے خلاف استعمال، کابل کی سرپرستی اور خوارجیوں کا خونی نیٹ ورک عیاں

اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل کیپٹل میٹروپولیٹن گورنمنٹ نے متعلقہ شعبوں بشمول تمام پرنسپلز، فنانس سیکشن اور اسٹیبلشمنٹ اسسٹنٹ کو سخت ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ان سرکاری احکامات پر من و عن اور بلا تاخیر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔

انتظامیہ کے اس اقدام سے میٹروپولیٹن گورنمنٹ پشاور کے زیرِ انتظام کام کرنے والے سینکڑوں یومیہ اجرت ملازمین میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ہے، کیونکہ اس سے قبل تنخواہوں میں تاخیر کی وجہ سے انہیں شدید مالی پریشانیوں سے گزرنا پڑتا تھا۔

Scroll to Top