پشاور: خیبرپختونخوا کے شہدا کی عظیم قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے صوبے میں ایک تاریخی اور سنگِ میل اقدام اٹھایا گیا ہے۔
گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی اور ’پاکستان سویٹ ہومز‘ کی مشترکہ کاوشوں سے فخرِ شہدا اسکالرشپ پروگرام کا باقاعدہ آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت وطن کی خاطر جامِ شہادت نوش کرنے والے تمام تمام سیکیورٹی اہلکاروں کے بچوں کو معیاری اور مفت تعلیم فراہم کی جائے گی۔
پہلی جماعت سے انٹرمیڈیٹ تک مفت تعلیم کی فراہمی
اسکالرشپ پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے اعلان کیا کہ دفاعِ وطن کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے پاک فوج، پولیس، لیویز اور ایف سی (فرنٹیئر کانسٹیبلری) کے شہدا کے بچوں کو پہلی جماعت سے لے کر انٹرمیڈیٹ (بارہویں جماعت) تک مکمل طور پر مفت تعلیم دی جائے گی۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ یہ اسکالرشپ محض ایک تعلیمی پیکیج نہیں بلکہ شہدا کے غیور خاندانوں کے ساتھ ریاستی یکجہتی، ہمدردی اور ان کی مکمل معاونت کے غیر متزلزل عزم کا عملی اظہار ہے۔
خصوصی کیڈٹ کالج کا قیام اور مفت زمین کی فراہمی
یہ بھی پڑھیں : ڈیلی ویجز ملازمین کے لیے بڑی خوشخبری: تنخواہیں مستقل ملازمین کے ساتھ ہی پراسیس کرنے کا فیصلہ
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ صوبے کے نونہالوں کو معیاری اور بہتر تعلیمی مواقع فراہم کر کے انہیں معاشرے کا باوقار اور مفید شہری بنانا ان کی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
انہوں نے شہدا کے بچوں کی اعلیٰ عسکری و اخلاقی تربیت کے لیے ایک خصوصی کیڈٹ کالج قائم کرنے کا بھی مژدہ سنایا اور اعلان کیا کہ اس عظیم الشان کیڈٹ کالج کی تعمیر و قیام کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے سرکاری زمین فراہم کی جائے گی۔
پاکستان سویٹ ہومز اور گورنر ہاؤس کے اس مشترکہ اقدام کو عوامی و سماجی حلقوں کی جانب سے بے حد سراہا جا رہا ہے، کیونکہ اس سے ان تمام بہادر جوانوں کے بچوں کا تعلیمی مستقبل محفوظ ہو سکے گا جنہوں نے ملک و قوم کی سلامتی کے لیے اپنا آج قربان کر دیا۔





