نوشہرہ، اسسٹنٹ کمشنر پر حملہ،اہم شواہد سامنے آگئے

نوشہرہ میں چراٹ روڈ پر پناہ کوٹ کے قریب اسسٹنٹ کمشنر پر فائرنگ کرنے والے دونوں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی فوٹیج سامنے آگئی پولیس نے ملزمان کی تلاش اور گرفتاری کے لیے کوششیں تیز کردیں۔

اسسٹنٹ کمشنر اوگی عادل وسیم خٹک پر قاتلانہ حملے کی سی سی ٹی وی فوٹیج منظر عام پر آگئی، جس میں مبینہ حملہ آوروں کو موٹرسائیکل پر فرار ہوتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

نوشہرہ پولیس کے مطابق گزشتہ روز چراٹ روڈ پر پناہ کوٹ کے قریب اسسٹنٹ کمشنر اوگی عادل وسیم خٹک پر فائرنگ کرنے والے دونوں موٹرسائیکل سوار ملزمان کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے۔

دونوں ملزمان ہنڈا موٹرسائیکل پر سوار ہیں، موٹرسائیکل چلانے والے شخص نے سر پر ہیلمٹ پہن رکھا ہے اور اس نے نیلے رنگ کے کپڑے زیب تن کیے ہوئے ہیں جبکہ پیچھے بیٹھے دوسرے شخص نے سفید لباس کے ساتھ واسکٹ پہن رکھی ہے اور چہرے پر ماسک لگا رکھا ہے۔

واقعے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت کی توقع ہے، پولیس حکام کے مطابق ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کے لیے کوششیں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: نوشہرہ میں اسسٹنٹ کمشنر اوگی مانسہرہ عادل وسیم کی گاڑی پر فائرنگ، شدید زخمی

پولیس کی جانب سے واقعے کے مختلف پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، جبکہ ملزمان کو قانون کے کٹہرے میں لانے کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کیا جا رہا ہے۔

Scroll to Top