ایران امریکا کشیدگی کے تناظر میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا طریقہ کار ایک بار پھر تبدیل کردیا گیا ہے۔ کابینہ کی منظوری کے بعد پٹرولیم ڈویژن نے ریفائنریز کو نیا فارمولا جاری کردیا۔
ذرائع کے مطابق اب پٹرول کی درآمدی قیمت کا تعین پی ایس او کے اصل درآمدی کارگو کی لاگت پر کیا جائے گا۔ لاگت دستیاب نہ ہونے کی صورت میں آخری کارگو کا پریمیم اور اضافی اخراجات مدنظر رکھے جائیں گے۔
نئے فارمولے کے تحت ریفائنریز آئندہ 30 روز تک پٹرول کی قیمت 7 مارچ 2026 کی سطح پر مقرر کرسکیں گی، جبکہ درآمدی اور ایکس ریفائنری قیمت کا فرق پٹرولیم لیوی کی مد میں جمع کرانا ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی میں ردوبدل کا فائدہ صرف پٹرول صارفین کو منتقل کیا جائے گا، جس سے قیمت میں کمی ممکن ہوگی۔
پٹرولیم ڈویژن نے ریفائنریز کو روزانہ فروخت کی تفصیلات اوگرا اور متعلقہ حکام کو فراہم کرنے کی ہدایت بھی کردی ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان میں پہلے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل 15 روز بعد ہوتا تھا، بعد ازاں یہ نظام ہفتہ وار اور پھر یومیہ بنیاد پر تبدیل کردیا گیا تھا۔





