مشیر اوقاف و مذہبی امور خیبرپختونخوا مولانا طیب قریشی نے دربارِ عالیہ مرشد آباد شریف کی سالانہ عرس مبارک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان علمائے کرام اور خانقاہوں کی بے مثال جدوجہد اور لا الٰہ الا اللہ کی بنیاد پر معرضِ وجود میں آیا۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ وطن عزیز کے تحفظ، استحکام اور امن کے قیام میں علماء و مشائخ آئندہ بھی اپنا تاریخی کردار ادا کرتے رہیں گے۔
مولانا طیب قریشی نے کہا کہ معرکۂ حق میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں پاکستان نے اپنے سے پانچ گنا بڑے دشمن کو شکست فاش دی۔
انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل نے قرآن کریم کی روشن تعلیمات سے رہنمائی حاصل کی جس کی برکت سے اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو عظیم فتح و نصرت سے نوازا۔ یہ کامیابی رب العزت کی خاص مدد، قوم کے مضبوط عزم اور اتحاد کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
مشیر اوقاف نے واضح الفاظ میں کہا کہ اسلام میں بے گناہ انسانوں کا قتل اور دہشت گردی قطعی طور پر حرام ہے اور صوبے میں انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں۔ خیبرپختونخوا کو امن کا گہوارہ بنانا ہمارا مشن ہے جس کے لیے عملی کوششیں جاری ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ صوبے کے بچوں کو قلم، کتاب اور جدید ٹیکنالوجی کے زیور سے آراستہ کرنا ترجیحات میں شامل ہے جبکہ دینی مدارس اور طلباء کی ہر ممکن خدمت کی جائے گی۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں فضائی انقلاب: گورنر فیصل کریم کنڈی اور ساؤتھ ایئر کا بڑا معاہدہ!
حضرت پیر بدر عالم جانؒ کی دینی و روحانی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرشد آباد شریف سے شروع ہونے والا روحانی فیض آج کینیڈا، امریکہ اور یورپ سمیت دنیا بھر میں پھیل چکا ہے۔
انہوں نے اولیائے کرام کی تعلیمات یعنی عاجزی، انکساری، اخوت اور رواداری کو عملی زندگی میں اپنانے کی ضرورت پر زور دیا۔





