خیبرپختونخوا میں فضائی انقلاب: گورنر فیصل کریم کنڈی اور ساؤتھ ایئر کا بڑا معاہدہ!

گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی سے ساؤتھ ایئر کے ایک اعلیٰ سطحی وفد نے خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں ایک اہم ملاقات کی۔ وفد میں ساؤتھ ایئر کے چیئرمین کنور طارق، محترمہ نشاط فاطمہ اور بریگیڈیئر (ر) راشد شامل تھے۔

ملاقات کے دوران خیبرپختونخوا میں فضائی سفری سہولیات کے فروغ، تجارتی پروازوں کے آغاز، ہنگامی طبی امداد اور سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے امکانات پر تفصیلی غور کیا گیا۔

ملاقات کا سب سے نمایاں پہلو صوبے کے دور دراز اور پہاڑی علاقوں میں ہنگامی طبی امداد کی فراہمی کے لیے حکومت خیبرپختونخوا اور ساؤتھ ایئر کے اشتراک سے ایئر ایمبولینس سروس شروع کرنے کا مجوزہ منصوبہ تھا۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے اس عزم کا اظہار کیا کہ عوام کو ملک بھر میں آسان سفری سہولیات فراہم کرنا اور بین الصوبائی فضائی رابطوں کو بہتر بنانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے اور صوبے میں ترقی و خوشحالی کے ایک نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔

ساؤتھ ایئر کی جانب سے ایک اہم اعلان کرتے ہوئے 9 نومبر 2026 سے پشاور اور لاہور کے درمیان ہفتہ وار تین پروازیں شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، اور گورنر فیصل کریم کنڈی خود اس پہلی پرواز کا باضابطہ افتتاح کریں گے۔

ان پروازوں کے آغاز سے کراچی، کوئٹہ، ملتان اور بہاولپور سمیت ملک کے دیگر بڑے شہروں تک فضائی سفر کی رسائی مزید آسان ہو جائے گی۔

گورنر نے ڈیرہ اسماعیل خان ایئرپورٹ کی تعمیر کو جلد از جلد مکمل کرنے کے لیے وفاقی حکومت اور سول ایوی ایشن حکام سے پرزور کام تیز کرنے کی درخواست کرنے کا عزم ظاہر کیا تاکہ ڈی آئی خان اور پاراچنار کے عوام کو بہترین فضائی سہولیات مل سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : جعلی اندراج اور اربوں کی ہیرا پھیری : فضل الرحمن کیخلاف سنسنی خیز انکشاف!

اس کے علاوہ سیاحت کو چار چاند لگانے کے لیے آئندہ شندور فیسٹیول کے موقع پر ہیلی کاپٹر چارٹر سروس متعارف کرانے اور شندور جھیل کے سامنے جدید طرز کا ٹینٹ ولیج قائم کرنے کا شاندار تصور بھی پیش کیا گیا جس کا مقصد سیاحوں کو معیاری رہائش اور ماحول دوست سیاحت کی سہولت فراہم کرنا ہے۔

Scroll to Top