ترکیے کے تاریخی شہر استنبول میں منعقدہ 48ویں عالمی استنبول میراتھون میں پاکستانی رنرز نے جذباتی اور سنسنی خیز مقابلے کے بعد شاندار کامیابی حاصل کر کے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔
دنیا کی واحد بین البراعظمی میراتھون جہاں ڈبلن اور باسفورس پل عبور کرتے ہوئے ایتھلیٹس ایشیا سے یورپ کی حد میں داخل ہوتے ہیں میں پاکستانی دستے نے اپنی جاندار موجودگی کا لوہا منوایا۔
تاریخی سلطان احمد اسکوائر پر اختتام پذیر ہونے والی اس گولڈ لیبل ریس میں پاکستانی رنر ثاقب خان نے تمام ہم وطنوں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے میدان مار لیا۔
ریس کا سب سے دلچسپ اور سسپنس سے بھرپور موڑ ثاقب خان کا حیران کن کم بیک رہا۔ ریس کے ابتدائی اور درمیانی حصے میں محمد سجاد کو واضح برتری حاصل تھی، ہاف میراتھون پر سجاد 1 منٹ 51 سیکنڈز، 25 کلومیٹر پر 2 منٹ 4 سیکنڈز، اور 30 کلومیٹر کے پوائنٹ پر 6 منٹ 17 سیکنڈز کی بڑی لیڈ کے ساتھ آگے تھے۔ تاہم 30 کلومیٹر کے بعد ثاقب خان نے اپنی رفتار میں غیر معمولی اضافہ کیا۔
35 کلومیٹر تک پہنچتے پہنچتے سجاد کی برتری گھٹ کر محض 36 سیکنڈز رہ گئی جس کے بعد آخری 5 کلومیٹر کے کٹھن مرحلے میں ثاقب خان نے نہ صرف سجاد کو پیچھے چھوڑا بلکہ 27 منٹ اور 56 سیکنڈز کے بھاری فرق سے فیصلہ کن فتح حاصل کی۔
ثاقب خان نے 2 گھنٹے 49 منٹ اور 33 سیکنڈز کے شاندار وقت کے ساتھ فاصلہ طے کیا اور 3 گھنٹے سے کم وقت میں ریس مکمل کرنے والے واحد پاکستانی رنر بنے۔
ٹاپ 3 پاکستانی رنرز:
محمد سجاد نے 3 گھنٹے 17 منٹ اور 29 سیکنڈز کے ساتھ دوسری جبکہ اقبال علی خان نے 3 گھنٹے 23 منٹ اور 58 سیکنڈز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دیگر مرد رنرز:
عرفان علی (3 گھنٹے 52 منٹ 47 سیکنڈز) چوتھے اور کامران یوسف (4 گھنٹے 2 منٹ 19 سیکنڈز) پانچویں نمبر پر رہے۔ ان کے علاوہ محمد اسد صدیقی (4:21:02)، محمد ذیشان علی (4:28:40)، اور عدیل منصور خان (4:39:02) نے بھی کامیابی سے میراتھون مکمل کی۔
دیگر فائٹرز:
محمد گلریز خان، محمد اسد خان، نوفل الٰہی، قسیم سعید، محمد اشعر صدیقی، محمد جہانزیب خان، فہد منصوری، اور محمد ارسلان ایوب نے بھی مقررہ وقت کے اندر فنش لائن عبور کی اور اپنے سپنوں کو تعبیر دی۔
*خواتین رنرز کی پیش رفت:
خواتین کے زمرے میں مہناز نوید نمایاں پاکستانی رنر رہیں جنہوں نے 4 گھنٹے 52 منٹ اور 6 سیکنڈز میں ریس مکمل کی جبکہ سنائنا نے بھی ہمت کا مظاہرہ کرتے ہوئے 5 گھنٹے 59 منٹ اور 40 سیکنڈز میں یہ کٹھن فاصلہ طے کیا۔
یہ بھی پڑھیں : ریاستی امور میں وفاقی مداخلت ناکام: امریکی جج نے ٹرمپ کا مائنڈ گیم الٹ دیا!
اس عالمی ایونٹ کی مردوں کی ایلیٹ ریس کینیا کے فِلیمون کِپٹو کِپچمبا نے 2 گھنٹے 8 منٹ اور 44 سیکنڈز کا نیا کورس ریکارڈ قائم کرتے ہوئے اپنے نام کی جبکہ خواتین کا ٹائٹل ایتھوپیا کی کاسانیش ایانےو بازے نے 2 گھنٹے 24 منٹ اور 40 سیکنڈز میں جیتا۔
ورلڈ ایتھلیٹکس کی جانب سے گولڈ لیبل کی حامل اس تاریخی میراتھون میں پاکستانی رنرز کی اتنی بڑی تعداد میں شرکت اور ثاقب خان کے شاندار کم بیک نے عالمی اسپورٹس کے افق پر پاکستان کے سر کو فخر سے بلند کر دیا ہے۔





