آئی جی اسلام آباد کیپٹن (ر) محمد سہیل چوہدری کی خصوصی ہدایات پر اسلام آباد ٹریفک پولیس نے شہریوں کی سہولت اور جدید پولیسنگ کے فروغ کے لیے ایک اور اہم اور انقلابی قدم اٹھایا ہے۔
ترجمان اسلام آباد پولیس کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی گھر کی دہلیز پر فراہمی کے لیے ٹی سی ایس (TCS) کے ساتھ باضابطہ ترسیل کے نظام کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے اس سروس کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ شہریوں کے وقت کی بچت اور بار بار دفاتر کے چکر کاٹنے کی زحمت کو ختم کرنے کے لیے یہ قدم اٹھایا گیا ہے۔
لائسنسنگ کے تمام مراحل کامیابی سے مکمل کرنے والے شہری چاہیں تو اسی وقت کاؤنٹر سے لائسنس حاصل کر سکتے ہیں یا ٹی سی ایس کے ذریعے ہوم ڈیلیوری کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
اس سروس کے تحت اسلام آباد کے رہائشیوںکو صرف ایک دن (24 گھنٹے) کے اندر لائسنس گھر پر موصول ہو جائے گا جبکہ دیگر شہروں سے تعلق رکھنے والے افراد کو دو دن (48 گھنٹے) کے اندر ان کے دیے گئے پتہ پر لائسنس ڈیلیور کر دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : استنبول میراتھون میں ثاقب خان کا راج: 3 گھنٹے سے کم وقت میں تاریخی ریس مکمل!
چیف ٹریفک آفیسر کائنات اظہر خان نے مزید کہا کہ شہریوں کی مشکلات کو کم کرنا اور انہیں آسان و جدید سہولیات کی فراہمی پولیس کی اولین ترجیح ہے۔
اسلام آباد ٹریفک پولیس انوویشن اور جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوامی خدمات کو مزید بہتر بنانے کے لیے مستقبل میں بھی ایسے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔





