آسٹریلوی کرکٹ کے شائقین کے لیے ایک عہد کا اختتام ہو گیا ہے۔ اپنے منفرد اور جارحانہ شاٹس سے دنیا بھر کے بولرز پر دہشت طاری کرنے والے اسٹار آل راؤنڈر گلین میکسویل نے تمام تر بین الاقوامی کرکٹ سے مکمل ریٹائرمنٹ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی ان کا ایک دہائی سے زائد عرصے پر محیط تابناک اور سنسنی خیز انٹرنیشنل کریئر اپنے اختتام کو پہنچا۔
38 سالہ گلین میکسویل آسٹریلوی کرکٹ کے ان چند خوش قسمت اور صلاحیتوں سے مالا مال کھلاڑیوں میں شمار ہوتے ہیں جنہوں نے عالمی اسٹیج پر ملک کا پرچم بلند کیا۔
وہ 2015 اور 2023 کی 50 اوورز کی ورلڈ کپ فاتح ٹیموں کا اہم حصہ رہے جبکہ 2021 میں آسٹریلیا کے پہلے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے تاج میں بھی ان کا کلیدی کردار رہا۔
میکسویل نے اگست 2012 میں افغانستان کے خلاف ون ڈے میچ سے اپنے بین الاقوامی سفر کا آغاز کیا اور 7 ٹیسٹ، 149 ون ڈے اور 130 ٹی ٹوئنٹی میچز میں کینگاروز کی نمائندگی کی۔
ون ڈے کرکٹ میں انہوں نے 149 میچز میں 3,990 رنز بنائے (بشمول 201 رنز کی تاریخی ناقابل شکست اننگز) اور 77 وکٹیں لیں۔
واضح رہے کہ خراب فارم کے باعث انہوں نے جون 2025 میں ون ڈے کرکٹ کو خیرباد کہہ دیا تھا۔
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں انہوں نے ستمبر 2012 میں پاکستان کے خلاف آغاز کے بعد 130 میچز کھیل کر 2,897 رنز (بہترین اسکور 145) اور 51 وکٹیں اپنے نام کیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کا دہرا معیار،جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ناممکن ہے: رانا ثنا اللہ
انہوں نے اپنا آخری بین الاقوامی میچ بھی ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ 2026 میں عمان کے خلاف کھیلا۔
ٹیسٹ کرکٹ میں گلین میکسویل نے 2013 میں بھارت کے خلاف ڈیبیو کرنے کے بعد 7 ٹیسٹ کھیلے جن میں ان کا اعلیٰ ترین اسکور بھارت ہی کے خلاف 104 رنز اور بہترین بولنگ 127 رنز دے کر 4 وکٹیں رہی۔





