پی ٹی آئی کا دہرا معیار،جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا اتحاد ناممکن ہے: رانا ثنا اللہ

پاکستان کے موجودہ سیاسی منظر نامے اور بڑھتی ہوئی قومی حساسیت کے پیش نظر وزیراعظم کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ملکی قیادت اور اپوزیشن کو ایک بار پھر مفاہمت اور سیاسی سنجیدگی کا راستہ دکھایا ہے۔

نجی ٹی وی سے گفتگو میں انہوں نے نہ صرف سیاسی محاذ آرائی پر اپنے تحفظات کا اظہار کیا بلکہ پی ٹی آئی کے اندرونی بیک ڈور رابطوں پر سے پردہ بھی اٹھایا۔

سینیٹر رانا ثنا اللہ نے ملک کو درپیش سب سے بڑے چیلنج یعنی دہشت گردی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت ایک انتہائی نازک موڑ پر ہے اور فوج و قوم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مصروف ہیں۔ ایسے میں حکومت اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ فضل الرحمان کے درمیان جاری لفظی جنگ کو ملک اور سیاست دونوں کے لیے نقصان دہ قرار دیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ فضل الرحمان نے پہلے وزیر دفاع خواجہ آصف اور وزیر داخلہ محسن نقوی پر سخت ریمارکس دیے، جس کا جواب حکومتی شخصیات نے دیا۔ تاہم، موجودہ قومی حالات کا تقاضا ہے کہ دونوں جانب سے تنقید اور بیان بازی کا یہ سلسلہ اب فوری طور پر رک جانا چاہیے۔

جے یو آئی (ف) اور پی ٹی آئی کے باہمی اتحاد کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے واضح کیا کہ یہ دونوں جماعتیں ایک دوسرے کی فطری اور بنیادی سیاسی مخالف ہیں۔ دونوں کے نظرئیے اور سیاست میں اتنے گہرے اختلافات ہیں کہ ان کے درمیان فاصلے کم ہونا ناممکنات میں سے ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ فضل الرحمان کسی صورت پی ٹی آئی کے اپوزیشن لیڈر نہیں بن سکتے۔

انٹرویو کے دوران رانا ثنا اللہ نے تحریک انصاف کی قیادت پر منافقت کا الزام عائد کرتے ہوئے دعویٰ کیا کہ خیبر پختونخوا کے اندرونی اور بیرونی سیاسی معاملات میں پس پردہ ملاقاتوں کی ایک لمبی تاریخ ہے۔

انہوں نے کہا کہ علی امین گنڈاپور کے دور میں بھی بیک ڈور رابطے قائم تھے اور اب وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے آنے کے بعد بھی یہ سلسلہ رکا نہیں ہے۔

رانا ثنا اللہ کے بقول سہیل آفریدی ایک طرف سیاسی عشق میں جان دینے کے دعوے کرتے ہیں تو دوسری طرف خاموشی سے پس پردہ ملاقاتیں بھی کر رہے ہیں۔

بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقاتوں پر لگی پابندی پر بات کرتے ہوئے مشیر سیاسی امور نے کہا کہ جیل میں ہونے والی ملاقاتوں کا کچھ سیاسی رہنماؤں نے غلط استعمال کیا، جس کی وجہ سے انتظامیہ کو یہ قدم اٹھانا پڑا۔تاہم انہوں نے کچھ شخصیات کو اس عمل سے استثنیٰ بھی دیا۔

یہ بھی پڑھیں : ثمر ہارون بلور نے محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا باضابطہ چارج سنبھال لیا

انہوں نے بیرسٹر سیف اور بیرسٹر سلمان صفدر کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ ان دونوں نے عمران خان سے ملاقاتوں کو کبھی منفی یا غلط مقاصد کے لیے استعمال نہیں کیا۔ بیرسٹر سیف کی حالیہ گفتگو سے صرف ان حقائق کی تصدیق ہوئی ہے جو پہلے سے سب کے علم میں تھے۔

Scroll to Top