پی ٹی آئی کے اربوں کے معاشی گھپلے بے نقاب، آڈٹ رپورٹ نے پول کھول دیا

پی ٹی آئی کے 13 سالہ کرپٹ دورِ حکومت میں خیبر پختونخوا کے مالیاتی نظام میں اربوں روپے کے ہیر پھیر، بدعنوانی اور سنگین عدم شفافیت کے ہوش ربا حقائق طشت از بام ہو گئے ہیں۔

مالی سال 2024-25 کی تازہ ترین آڈٹ رپورٹ نے سابقہ حکمرانوں کی شدید نااہلی اور معاشی بدانتظامی کا پول کھول دیا ہے جس پر گورنر خیبر پختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ ثمر ہارون بلور نے شدید تشویش اور برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کڑا احتساب یقینی بنانے کا اعلان کیا ہے۔

آڈٹ رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے ثمر ہارون بلور نے انکشاف کیا کہ تحریک انصاف کے دورِ اقتدار میں عوامی خزانے پر بے دردی سے ہاتھ صاف کیا گیا۔

رپورٹ کے مطابق 72 ارب 46 کروڑ روپے کے سرکاری اخراجات کا کوئی مستند ریکارڈ یا تصدیق ہی موجود نہیں جس سے بدعنوانی کے واضح اشارے ملتے ہیں۔

اس کے علاوہ سابقہ حکومت نے صوبائی اسمبلی کو بھی گمراہ رکھا اور اسمبلی سے منظور شدہ بجٹ کے برعکس 104 ارب 26 کروڑ روپے کے غیر قانونی اور اضافی اندراجات کر ڈالے۔

یہی نہیں بلکہ 153 ارب 68 کروڑ روپے کے ترقیاتی اخراجات کو غلط حساباتی مدات میں ظاہر کر کے صوبے کے پبلک اکاؤنٹ کو 39 ارب 58 کروڑ روپے کے منفی بیلنس (خسارے) میں دھکیل دیا گیا۔

سابقہ پی ٹی آئی حکومت کی معاشی نااہلی کا عالم یہ رہا کہ 98 ارب 89 کروڑ روپے کے بیرونی قرضوں کا حساباتی ریکارڈ ہی سرے سے غائب اور نامکمل ہے۔

غیر ملکی قرضوں اور ان کے سود کی مد میں کی گئی51 ارب 85 کروڑ روپے کی ادائیگیوں کا کوئی ریکارڈ نہیں ملا۔
حد تو یہ ہے کہ صوبائی اندرونی قرضوں کا ریکارڈ سال 2017-18 کے بعد اور وفاقی قرضوں کا ریکارڈ سال 2013-14 کے بعد اپ ڈیٹ ہی نہیں کیا گیا۔ اس سے ثابت ہوتا ہے کہ کس طرح کئی سالوں تک مالیاتی نگرانی کے نظام کو دانستہ طور پر مفلوج رکھا گیا تاکہ من مانی کرپشن کی جا سکے۔

اس کے ساتھ ساتھ صحت، تعلیم، پولیس اور شاہراہوں جیسے اہم محکموں اور ترقیاتی بجٹ میں 20 ارب 20 کروڑ روپےکے مبینہ اضافی اندراجات کا بھی انکشاف ہوا ہے۔

موجودہ گورنر انتظامیہ نے صوبے کو تباہی کے دہانے سے نکالنے اور مالیاتی شفافیت کی بحالی کے لیے سخت ترین اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : مشیر صحت نگار جوہر کا چلڈرن ہسپتال پشاور کا دورہ، انتظامی امور کا جائزہ لیا!

ثمر ہارون بلور نے گورنر کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں کا ایک ایک روپیہ قومی امانت ہے اور سابقہ دور کی ہر ایک روپے کی بدعنوانی کا حساب لیا جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ موجودہ گورنر انتظامیہ کسی قسم کی مالیاتی بدعنوانی پر سمجھوتہ نہیں کرے گی۔ تمام آڈٹ اعتراضات کی شفاف اور غیر جانبدارانہ جانچ پڑتال کا حکم دے دیا گیا ہے تاکہ اربوں کے اس گھپلے میں ملوث ہر ذمہ دار کو قانون کے کٹہرے میں لاکر سزا دی جائے اور عوام کے لوٹے گئے وسائل کو محفوظ بنایا جا سکے۔

Scroll to Top