گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور، زکوٰۃ و عشر مولانا طیب قریشی نے دینی مدارس کے طلباء، طالبات اور اساتذہ کی صلاحیتوں کو جدید تقاضوں کے مطابق نکھارنے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ وقت کی اہم ضرورت ہے کہ مدارس کے طلباء کو دینی و روایتی تعلیم کے ساتھ جدید ڈیجیٹل اور فنی مہارتوں سے آراستہ کیا جائے تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے معاشرے میں مثبت اور موثر کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے ان خیالات کا اظہار دینی مدارس کے طلباء، طالبات اور مدرسین کی استعداد کار میں اضافے اور انہیں جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے کے لیے سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے حوالے سے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔
اجلاس میں سیکرٹری اوقاف محمد ادریس، متحدہ علماء بورڈ کے چیئرمین مولانا احسان الحق اور دینی مدارس بورڈ کے نمائندگان جن میں مولانا روح اللہ مدنی، علامہ محمد شعیب، معراج الدین، ڈاکٹر عبد اللطیف ناصر، رحمت اللہ قادری، جہانزیب زاہد، مفتی ظفر زمان، مولانا فضل جمیل اور عبدالبصیر نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران شرکاء کو منصوبے کے اغراض و مقاصد، دائرہ کار اور مجوزہ سرگرمیوں کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اس منصوبے کا دائرہ کار خیبر پختونخوا کے سات ضم شدہ اضلاع اور سات بندوبستی ڈویژنز تک پھیلا ہوا ہے۔
اس کے تحت مجموعی طور پر 8 ہزار 410 شرکاء مستفید ہوں گے۔
ان میں 2 ہزار 690 شرکاء ضم شدہ اضلاع جبکہ 5 ہزار 720 شرکاء بندوبستی اضلاع سے تعلق رکھتے ہیں۔
منصوبے کے تحت مدارس کے طلباء و طالبات اور اساتذہ کی تعلیمی، فکری، انتظامی اور عملی صلاحیتوں کو بہتر بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔
اس کے علاوہ طلباء کے مطالعاتی دوروں، اساتذہ کی تربیت، انتظامی استعداد کار میں اضافے، غیر نصابی سرگرمیوں، علماء سمٹ، ڈیجیٹل مہارتوں کے فروغ، طلباء میں مختلف امور سے متعلق آگاہی، اساتذہ کے مطالعاتی دوروں، بین المذاہب مکالمے اور علماء کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔
اس موقع پر مشیر اوقاف مولانا طیب قریشی نے ہدایت کی کہ منصوبے پر عمل درآمد کے دوران میرٹ کو ہر صورت اولین ترجیح دی جائے اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ تمام سرگرمیوں میں طالبات کو بھی بھرپور شرکت کے مساوی مواقع فراہم ہوں۔
انہوں نے کہا کہ مدارس کے طلباء کو صرف تعلیمی میدان تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں عملی زندگی کے تقاضوں سے روشناس کرانا اور ہنر مند بنانا بھی ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
مولانا طیب قریشی نے مزید کہا کہ سکل ڈویلپمنٹ پروگرام کے ذریعے طلباء کو ایسے عملی ہنر اور جدید مہارتیں سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں جن کی مدد سے وہ اپنے پاؤں پر کھڑے ہو سکیں، باعزت روزگار حاصل کر سکیں اور معاشی طور پر خودمختار بن کر ملک و قوم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ اساتذہ کی پیشہ ورانہ تربیت، نوجوان نسل کی فکری و عملی نشوونما، مثبت سماجی رویوں کے فروغ اور بین المذاہب ہم آہنگی کے استحکام کو بھی منصوبے کا بنیادی حصہ بنایا جائے اور متعلقہ ادارے باہمی رابطے اور مشاورت کے ذریعے منصوبے کی سرگرمیوں کو موثر، شفاف اور نتیجہ خیز بنائیں تاکہ اس کے ثمرات دینی مدارس کے طلباء و طالبات اور اساتذہ تک پہنچ سکیں۔
اس اجلاس سے قبل مشیر برائے اوقاف، مذہبی و اقلیتی امور مولانا طیب قریشی نے محکمہ زکوٰۃ و عشر کی ذمہ داریاں بھی باضابطہ طور پر سنبھال لیں۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے اربوں کے معاشی گھپلے بے نقاب، آڈٹ رپورٹ نے پول کھول دیا
اس موقع پر انہوں نے نئی ذمہ داریاں تفویض کرنے پر گورنر خیبر پختونخوا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ ان کے اعتماد پر پورا اترنے اور عوامی خدمت کے جذبے کے تحت اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں ادا کرنے کے لیے بھرپور کوشش کریں گے۔
انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ محکمہ زکوٰۃ و عشر کی کارکردگی کو مزید بہتر بنانے اور فلاحی اقدامات کو موثر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔





