گورنر فیصل کریم کنڈی کا بڑا ایکشن: ایڈورڈز کالج کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کا حکم

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کی زیرِ صدارت ایڈورڈز کالج پشاور کے انتظامی و تعلیمی امور کے حوالے سے ایک اعلیٰ سطح کا جائزہ اجلاس منعقد ہوا جس میں تاریخ ساز اور تاریخی تعلیمی ادارے کی بحالی کے لیے انقلابی فیصلوں کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں مشیرِ تعلیم ڈاکٹر سید عامر عبداللہ، سیکرٹری اعلیٰ تعلیم، بورڈ آف گورنرز کے اراکین، کالج پرنسپل اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں سامنے آنے والی تفصیلی بریفنگ نے سابقہ پی ٹی آئی حکومت کے 13 سالہ تاریک دور میں صوبے کے اہم ترین تعلیمی اداروں کی زبوں حالی، مالیاتی بدانتظامی اور شدید نااہلی کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔

سابق حکمرانوں کی مجرمانہ غفلت کے باعث تاریخی ایڈورڈز کالج پشاور جیسے باوقار ادارے کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا گیا، جہاں فنڈز کی غیر شفاف طریقے سے منتقلیاں، مالیاتی بے ضابطگیاں، ٹیکس کے حل طلب مسائل اور مستقل پرنسپل کی عدم تعیناتی جیسے سنگین بحران پیدا کیے گئے۔

سابقہ پی ٹی آئی انتظامیہ کی عدم توجہی کے باعث نہ صرف کالج کے متعدد شعبہ جات میں طلبہ کے داخلوں میں نگران کمی آئی بلکہ کمپیوٹر لیبارٹریز اور ڈیجیٹل ای لرننگ کا نظام بھی مفلوج ہو کر رہ گیا۔

گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے ایڈورڈز کالج کی موجودہ بگڑتی ہوئی کارکردگی اور انتظامی معاملات پر شدید برہمی اور عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا کہ تعلیم موجودہ گورنر انتظامیہ کی اولین ترجیح ہے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ سابقہ دور کی پیدا کردہ معاشی و انتظامی خرابیوں کو دور کرنے کے لیے جنگی بنیادوں پر فاسٹ ٹریک کام شروع کیا جائے۔

گورنر فیصل کریم کنڈی نے ادارے میں شفافیت اور احتساب کو یقینی بنانے کے لیے درج ذیل تاریخی احکامات جاری کیے جن میں سابقہ دور کی تمام مالیاتی اور انتظامی بے ضابطگیوں کو بے نقاب کرنے کے لیے کالج کے امور کا شفاف تھرڈ پارٹی آڈٹ کرانے کی ہدایت کی گئی۔

کالج کے تمام فنڈز کو فوری طور پربینک آف خیبر (BoK) میں منتقل کرنے کا حکم دیا گیا تاکہ عوامی و ادارہ جاتی امانتوں میں کسی قسم کی خرد برد نہ ہو سکے۔

مشیرِ تعلیم کو ٹاسک دیتے ہوئے کالج میں مستقل پرنسپل کی تعیناتی کا عمل فوری مکمل کرنے اور زیر التوا کمیٹیوں میں اراکین کی کمی دور کرنے کی ہدایت کی گئی۔

ایڈورڈز کالج کو محض الحاق شدہ ادارے کے بجائے مکمل ڈگری جاری کرنے والا ادارہ (Degree Awarding Institute) بنانے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر عملی اقدامات کی منظوری دی گئی۔

کمپیوٹر لیبارٹریز کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے، ای لرننگ کے فروغ اور طلبہ کے داخلوں میں اضافے کے لیے جامع حکمت عملی وضع کر کے ترقیاتی کام فوری شروع کرنے کا حکم دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : برطانیہ کا ہلا دینے والا فیصلہ!تارکینِ وطن کے لیےقوانین سخت،نئی امیگریشن پالیسی نافذ

گورنر خیبر پختونخوا نے عزم ظاہر کیا کہ ایڈورڈز کالج کو اس کے تاریخی وقار، سابقہ تعلیمی عظمت اور بلند معیار کی جانب ہر صورت واپس لایا جائے گا۔ موجودہ گورنر انتظامیہ سابقہ حکمرانوں کی تباہ کاریوں کا خاتمہ کر کے صوبے کے تعلیمی مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل فراہم کر رہی ہے۔

Scroll to Top