برطانوی حکومت نے امیگریشن قوانین میں سخت ترین اور انقلابی تبدیلیوں کا اعلان کرتے ہوئے تارکینِ وطن کے لیے مستقل رہائش (Indefinite Leave to Remain) کے حصول کے قوانین کو یکسر بدل ڈالا ہے۔
نئے اعلان کے بعد برطانیہ میں طویل عرصے سے مقیم اور مستقبل کے تارکینِ وطن کے لیے حالات یکطرفہ طور پر تبدیل ہونے جا رہے ہیں۔
برطانوی وزیر داخلہ شبانہ محمود نے نئے اور سخت امیگریشن نظام کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے جس کے تحت زیادہ تر تارکینِ وطن کے لیے مستقل رہائش حاصل کرنے کی مدت کو پانچ سال سے بڑھا کر براہِ راست 10 سال کر دیا گیا ہے۔
حکومتی مؤقف کے مطابق مستقبل میں مستقل رہائش کا حق محض وقت گزارنے پر نہیں بلکہ معاشی خدمات، برطانوی معاشرے میں انضمام، انگریزی زبان پر مکمل عبور اور امیگریشن قوانین کی سخت پابندی کی بنیاد پر دیا جائے گا۔
نئے نظام کے نفاذ کے بعد تارکینِ وطن کو ان کی آمدن اور شعبوں کی بنیاد پر مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔
امیر طبقے کے لیے بڑی سہولت:
سالانہ ایک لاکھ 25 ہزار 141 برطانوی پاؤنڈ سے زائد کمانے والے خوش نصیب افراد اب بھی محض تین سال کے اندر مستقل رہائش کے اہل ہو سکیں گے۔
طبی عملے کو رعایت:
نیشنل ہیلتھ سروسز (NHS) سے جڑے اہل طبی عملے اور بعض سماجی نگہداشت کے کارکنوں کے لیے روایتی پانچ سالہ مدت کو برقرار رکھا گیا ہے۔
کم ہنر مندوں کے لیے طویل انتظار:
کم ہنر مند شعبوں میں کام کرنے والے افراد کے لیے یہ کٹھن مدت بڑھ کر15 سال تک ہو سکتی ہے جبکہ غیر قانونی طریقوں سے برطانیہ میں داخل ہونے والوں کو اس سے بھی کئی گنا طویل اور کڑے انتظار کا سامنا کرنا پڑے گا۔
یہ بھی پڑھیں : خیبرپختونخوا میں مدارس کے طلباء کے لیے ڈیجیٹل اور فنی مہارت کے پروگرام کا فیصلہ!
برطانیہ میں برسرِ روزگار پاکستانی کمیونٹی، بالخصوص این ایچ ایس، کیئر سیکٹر اور مختلف کاروباری شعبوں سے وابستہ افراد ان تبدیلیوں سے براہِ راست متاثر ہو سکتے ہیں۔ تاہم جو تارکینِ وطن پہلے ہی سے برطانیہ میں مقیم ہیں اور اپنی پانچ سالہ مدت کے آخری مراحل میں ہیںان پر ان نئے قوانین کا حتمی اطلاق عبوری انتظامات اور حکومت کی طرف سے طے پانے والے حتمی قواعد کی روشنی میں ہوگا۔





