مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے بادل چھٹنے کی موہوم امید پیدا ہو گئی ہے کیونکہ ایران اور امریکا کے درمیان طویل عرصے سے جاری شدید کشیدگی کو کم کرنے کے لیے بیک ڈور سفارت کاری اور ثالثی کی کوششوں میں غیر معمولی تیزی آ چکی ہے۔
ترکمانستان کے دارالحکومت اشک آباد میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے اہم پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ برادر اسلامی ممالک پاکستان اور قطر کی مؤثر ثالثی کے نتیجے میں تہران اور واشنگٹن کے درمیان مشاورت کا عمل تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔
ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ایران نے سفارت کاری کا راستہ کھلا رکھا ہے اور اب گیند مکمل طور پر واشنگٹن کے کورٹ میں ہے۔
انہوں نے زور دے کر کہا کہ معاملے کا تمام تر انحصار امریکی قیادت کی سیاسی بصیرت، معقولیت اور فیصلے پر ہے کہ وہ خطے میں تنازع کا خاتمہ چاہتی ہے یا تصادم۔
عباس عراقچی نے امریکی قیادت کو متنبہ کرتے ہوئے سخت مؤقف اپنایا کہ ایران امن اور سفارتی تصفیے کے ساتھ ساتھ کسی بھی ممکنہ فوجی تصادم اور جنگ کے لیے پہلے سے کہیں زیادہ تیار ہے۔
اسی اثنا میں ایرانی صدر کا بھی ایک انتہائی اہم اور پیش رفت سے بھرپور بیان سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے انکشاف کیا کہ ایران کے رہبرِ معظم (آیت اللہ خامنہ ای) نے مذاکرات کو آگے بڑھانے کے لیے تمام درکار اختیارات تفویض کر دیے ہیں۔ اس قدم کو عالمی سفارتی حلقوں میں تہران کی جانب سے ایک بڑا اور مثبت بریک تھرو قرار دیا جا رہا ہے۔
اس سے قبل ایرانی وزارتِ خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے معاہدے کی اہم شرائط کا روڈ میپ پیش کرتے ہوئے کہا کہ تہران نے امریکی انتظامیہ کے سامنے 7 واضح نکات رکھے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : قانونی تقاضے پورے اور عدالتی احترام برقرار: بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی سے وکلاء کی ملاقات!
ترجمان نے دھماکے دار اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر امریکا ان 7 تجاویز کو تسلیم کر لے اور ایران کی معاشی و بحری ناکہ بندی فوری طور پر ختم کر دے تو اہم عالمی تجارتی شاہراہ آبنائے ہرمز کو محض 48 گھنٹوں (دو دن) کے اندر بحری آمدورفت کے لیے دوبارہ کھولا جا سکتا ہے۔
تاہم جب تک امریکا ان شرائط کو قبول نہیں کرتا کسی قسم کا حتمی معاہدہ یا بحری ناکہ بندی کا خاتمہ ممکن نہیں ہوگا۔





