سعودی عرب اور چین نے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور باہمی تعاون کے نئے امکانات تلاش کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے چینی صدر شی جن پنگ کے نام خصوصی پیغام ارسال کیا ہے جس میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مضبوط بنانے اور مشترکہ مفادات کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
سعودی ولی عہد کا پیغام سعودی قومی سلامتی کے مشیر مساعد بن محمد العیبان نے بیجنگ میں چینی وزیر خارجہ وانگ یی سے ملاقات کے دوران پہنچایا۔ ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان سفارتی روابط، باہمی تعاون اور علاقائی صورت حال پر گفتگو ہوئی۔
چینی وزیر خارجہ وانگ یی نے ملاقات کے دوران کہا کہ خلیجی خطہ ایک بار پھر جنگ اور امن کے درمیان نازک مرحلے سے گزر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ تمام متعلقہ فریق مذاکرات اور سفارت کاری کو ترجیح دیں تاکہ کشیدگی میں کمی لائی جاسکے اور دشمنی کا خاتمہ ممکن ہو۔
وانگ یی کا کہنا تھا کہ خطے میں پائیدار امن اور استحکام کے لیے بات چیت ہی مؤثر راستہ ہے۔ انہوں نے توانائی کی بلا تعطل فراہمی اور بحری تجارتی راستوں کے تحفظ کو بھی انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے کہا کہ ان معاملات میں کسی قسم کی رکاوٹ علاقائی اور عالمی معیشت کو متاثر کرسکتی ہے۔
چینی وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ بیجنگ سعودی عرب کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور مختلف شعبوں میں تعاون آگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ ملاقات میں دوطرفہ شراکت داری کو وسعت دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : مشیر تعلیم خیبرپختونخوا کا بڑا اقدام: تعلیمی نظام میں اصلاحات کے لیے سخت ہدایات!
سعودی ولی عہد کا چینی صدر کے نام خصوصی پیغام ایسے وقت سامنے آیا ہے جب مشرق وسطیٰ میں کشیدگی اور خلیجی خطے کی سلامتی عالمی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔ دونوں ممالک نے باہمی روابط کے فروغ کے ساتھ خطے میں امن و استحکام کی اہمیت پر بھی زور دیا۔





