خیبر پختونخوا کے تعلیمی نظام میں برباد شدہ معیار کو بحال کرنے اور اصلاحات کے نفاذ کے لیے گورنر انتظامیہ نے مکمل طور پر کمر کس لی ہے۔ گورنر خیبر پختونخوا کے مشیر برائے تعلیم ڈاکٹر عامر عبداللہ نے ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم اینڈ ٹیچر ایجوکیشن (DCTE) کو نصاب کے فوری جائزے، طلبہ کی تعلیمی صلاحیتوں کی جانچ اور اساتذہ کے معیار کو بہتر بنانے کے لیے جاری سرگرمیوں کو ہنگامی بنیادوں پر مزید موثر بنانے کا حکم دے دیا ہے۔
پیر کے روز منعقدہ ایک اعلیٰ سطحی اجلاس کے دوران ڈائریکٹر ڈائریکٹوریٹ آف کریکولم گوہر علی خان نے ادارے کی کارکردگی اور تعلیمی امور پر تفصیلی بریفنگ دی۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکریٹری پیر محمد، ایڈیشنل ڈائریکٹر اشفاق خان جدون، ڈاکٹر صاحبزادہ وقار احمد اور ڈپٹی سیکریٹری حفیظ اللہ نے بھی شرکت کی۔
بریفنگ کے دوران ٹیکسٹ بک بورڈ کی جانب سے مقررہ وقت پر نصابی مواد فراہم نہ کرنے کی کوتاہی سامنے آنے پر مشیر تعلیم نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور تاخیر کی وجوہات فوری طور پر معلوم کرنے کی ہدایت کی۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے نجی ادارے کی جانب سے تیار کردہ ٹریننگ ماڈیول کے مینول کی کاپی بھی فوری طلب کر لی ہے تاکہ شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے اور سابقہ ادوار میں تعلیمی شعبے کے نام پر کی جانے والی مبینہ بندر بانٹ کو روکا جا سکے۔
موجودہ حکومت کی انقلابی تعلیمی حکمت عملی کے تحت طلبہ کی اصلی صلاحیت کو جانچنے کے لیے ابتدائی و ثانوی درجات پر آئٹم بینکس کا نظام نافذ کیا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک ہفتے میں کم خرچ اور قابلِ عمل کنسپٹ پیپر تیار کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
تعلیمی بورڈز کے تحت ہونے والے اجلاسوں اور فیصلوں کا تمام تر ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے تاکہ یہ یقینی بنایا جا سکے کہ بورڈز صرف کاغذی کارروائی نہیں بلکہ عمل درآمد پر توجہ دے رہے ہیں۔
سرمائی زون کے سکولوں میں جائزہ انٹری ٹیسٹ کے دوران طلبہ کی حاضری 50 فیصد سے کم رہنے کا سخت نوٹس لیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : کیا آپ بھی رات دیر تک جاگتے ہیں؟چونکا دینے والی تحقیق!
مشیر تعلیم نے ایسے تمام سکولوں کی نشاندہی کر کے تین ہفتوں میں تفصیلی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے تاکہ تعلیمی غفلت کے ذمہ داروں کا تعین کیا جا سکے۔
موجودہ حکومت تعلیمی شعبے کی بحالی کے لیے تمام درکار فنڈز اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنا رہی ہے تاکہ کے پی کے طلبہ کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔





