خیبر پختونخوا محکمہ ریلیف میں 13 سالہ بھرتیوں اور مالی معاملات کا ریکارڈ طلب، ثمر ہارون بلور کا بڑا حکم

پشاور: گورنر خیبرپختونخوا کی مشیر برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ، ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور کی زیرِ صدارت محکمہ ریلیف، بحالی و آبادکاری کا تعارفی اجلاس منعقد ہوا، جس میں محکمے کی کارکردگی، انتظامی ڈھانچے، مالی معاملات اور اصلاحاتی ایجنڈے کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں مشیر ثمر ہارون بلور نے سیکرٹری ریلیف کو گزشتہ 13 سال کے دوران محکمہ میں ہونے والی تمام بھرتیوں کا مکمل اور مستند ریکارڈ پیش کرنے کی ہدایت کی، جبکہ محکمہ کے گزشتہ 13 سال کے مختص بجٹ، فنڈز کے اجرا اور استعمال کی تفصیلات پر مشتمل جامع رپورٹ بھی طلب کرلی۔

اجلاس میں اے ڈی پی اور نان اے ڈی پی اسکیموں کی منظوری، فنڈز کے اجرا، اخراجات، پیش رفت اور تکمیل سے متعلق گزشتہ 13 سال کا ریکارڈ بھی طلب کیا گیا۔

مشیر ریلیف نے ہدایت کی کہ تمام بھرتیوں، مالی معاملات اور ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات شفاف اور قابلِ تصدیق انداز میں مرتب کرکے پیش کی جائیں۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری ریلیف یوسف رحیم نے محکمے کے انتظامی ڈھانچے، قواعد و ضوابط، ملحقہ اداروں کی ذمہ داریوں، کارکردگی اور اصلاحاتی ایجنڈے پر تفصیلی بریفنگ دی۔

پی ڈی ایم اے حکام نے قدرتی آفات سے قبل تیاری، ابتدائی انتباہی نظام، ہنگامی منصوبہ بندی، نقصانات کے تخمینے اور متاثرین کو معاوضوں کی ادائیگی سے متعلق امور پر بریفنگ دی۔

اسی طرح ریسکیو 1122 کی جانب سے ہنگامی حالات میں بروقت امدادی کارروائیوں، طبی سہولیات، مریضوں کی منتقلی، آگ بجھانے اور خصوصی ریسکیو آپریشنز کے حوالے سے تفصیلات پیش کی گئیں، جبکہ سول ڈیفنس حکام نے عوامی تحفظ، رضاکاروں کی تربیت، فائر سیفٹی اور ہنگامی حالات سے نمٹنے کے لیے جاری اقدامات سے آگاہ کیا۔

یہ بھی پڑھیں : پولیو ورکرز اور پولیس کی سلامتی پر سمجھوتہ نہیں ہوگا، ملوث عناصر کیفرِ کردار تک پہنچیں گے، ثمر ہارون بلور

اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی، دہشت گردی اور غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں سے متعلق چیلنجز کے تناظر میں محکمہ ریلیف اور اس کے ملحقہ اداروں کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو بروقت ریلیف کی فراہمی، ہنگامی حالات میں فوری ردِعمل اور متاثرہ خاندانوں کی بحالی حکومت کی اولین ترجیحات ہیں۔

مشیر ریلیف نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے پیشگی تیاری، مؤثر ہنگامی منصوبہ بندی اور تمام متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کاری یقینی بنائی جائے۔

ثمر ہارون بلور کا کہنا تھا کہ بدلتا، نکھرتا اور مضبوط خیبرپختونخوا ہمارا وژن ہے، جس کے عملی نفاذ کے لیے محکمہ ریلیف اور اس کے ملحقہ اداروں میں ادارہ جاتی اصلاحات اور استعدادِ کار میں اضافے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی بحالی، امدادی سرگرمیوں کو مؤثر بنانے اور عوام کو بروقت و معیاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

Scroll to Top