وفاقی حکومت نے سول سروسز اور بیوروکریسی کے مختلف شعبوں میں بڑے پیمانے پر افسران کے تقرر و تبادلوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔
اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کی جانب سے باضابطہ نوٹیفکیشن جاری ہونے کے بعد متعدد اعلیٰ افسران کو ان کے موجودہ عہدوں سے ہٹا کر خدمات اصل محکموں کو واپس کر دی گئی ہیں جبکہ کچھ افسران کو نئی ذمہ داریاں اور ڈیپوٹیشن پر توسیع دی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نجکاری کمیشن میں بڑی انتظامی تبدیلی کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل محمد شاہد دایو کو فوری طور پر عہدے سے ہٹا کر ان کی خدمات اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کے سپرد کر دی گئی ہیں۔
اس کے علاوہ سول سروسز اکیڈمی لاہور میں تعینات ایڈیشنل ڈائریکٹر (فنانس) سمیعہ مستنصرکا بھی تبادلہ کر کے انہیں ان کے اصل ادارے آڈیٹر جنرل آف پاکستان کے دفتر بھیج دیا گیا ہے۔
مالیاتی امور کے ایک اور اہم اقدام میں پنجاب ریونیو اتھارٹی میں تعینات ان لینڈ ریونیو سروس کے گریڈ 19 کے افسر محمد آصف کو بھی تبدیل کر کے ان کی خدمات پیرنٹ ڈیپارٹمنٹ ایف بی آر (FBR) کو واپس کر دی گئی ہیں۔
ایجوکیشن سیکٹر میں کی جانے والی تبدیلیوں کے تحت محکمۂ کالج ایجوکیشن سندھ کے لیکچرار فیضان علی امداد کو ڈیپوٹیشن کی بنیاد پر وفاقی نظامتِ تعلیمات (FDE) اسلام آباد میں تعینات کر دیا گیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : یورپ میں مختلف پروازوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں، سکیورٹی سخت کر دی گئی
دریں اثناء صحت کے شعبے میں خیبرپختونخوا حکومت کی میڈیکل افسرڈاکٹر سبین ہارون کی ڈی ایچ او اسلام آباد میں بطور ویمن میڈیکل افسر ڈیپوٹیشن کی مدت میں مزید ۲ سال کی توسیع کر دی گئی ہے۔ اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ان تمام تبادلوں اور تعنیاتیوں کے باضابطہ نوٹیفکیشنز جاری کر دیے ہیں۔





