خیبر پختونخوا کے اسکولوں کی عمارتوں کی حالتِ زار پر ایک تشویشناک تکنیکی سروے رپورٹ سامنے آئی ہےجس نے ماضی میں تعلیمی انفراسٹرکچر کی بہتری کے بلند و بالا دعووں کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔
صوبے کے 562 اسکولوں کے کیے گئے تکنیکی سروے کے دوران 346 تعلیمی اداروں کو خطرناک اور غیر محفوظ قرار دے دیا گیا ہے، جو طلباء اور اساتذہ کی زندگیوں سے سنگین کھلواڑ کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
رپورٹ کے مطابق معائنہ کیے جانے والے اسکولوں میں سے 61 فیصد سے زائد عمارتیں رہنے یا پڑھانے کے قابل نہیں پائی گئیں۔
تکنیکی سروے رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صرف 49 اسکولوں کو مکمل طور پر محفوظ قرار دیا گیا ہے جبکہ 167 اسکولوں کو جزوی طور پر محفوظ (Partial Safe) کیٹیگری میں رکھا گیا ہے۔
یہ جامع تکنیکی جائزہ صوبے بھر میں اسکولوں کی عمارتوں کی ساختی حالت (Structural Condition) کا اندازہ لگانے کے لیے کیا گیا تھا۔
یاد رہے کہ 15 اکتوبر کو پشاور میں پیش آنے والے دلخراش اسکول چھت کے انہدام کے سانحے (دیر کالونی کے المیے) کے بعد متعلقہ حکام نے اسکولوں کی انسپیکشن کے عمل کو ہنگامی بنیادوں پر تیز کیا تھا تاکہ خستہ حال عمارتوں کی نشاندہی کی جائے اور بروقت اقدامات اٹھائے جا سکیں۔
اس سے قبل پشاور ضلعی انتظامیہ کی جانب سے خطرناک اور خستہ حال عمارتوں میں چلنے والے 13 نجی اسکولوں کو بھی نوٹسز جاری کیے جا چکے ہیں۔
بچے ہوئے مستقبل کے معماروں کی جانوں کو لاحق خطرات کے پیشِ نظر خیبر پختونخوا کے محکمہ ابتدائی و ثانوی تعلیم نے انتہائی سخت اور بروقت اقدام اٹھاتے ہوئے خستہ حال اور خطرناک اسکولوں کے طلباء کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔
محکمہ تعلیم کی جانب سے تمام اضلاع کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افسران (DEOs) کو جاری کردہ خط میں واضح ہدایات دی گئی ہیں کہ وہ خطرناک عمارتوں میں پڑھنے والے طلباء کو فوری طور پر محفوظ کلاس رومز میں منتقل کریں۔
احکامات کے مطابق طلباء کو یا تو اسی اسکول کے محفوظ حصوں میں یا پھر قریبی سرکاری اسکولوں میں ایڈجسٹ کیا جائے گا۔
اگر قریب میں کوئی سرکاری اسکول دستیاب نہ ہو تو بچوں کی تعلیم کا تسلسل برقرار رکھنے کے لیے کرائے کی عمارتوں کا بندوبست کرنے کی بھی اجازت دی گئی ہے۔
محکمہ نے وضاحت کی ہے کہ پورے اسکول کو خالی کرنے کے بجائے صرف خطرناک قرار دیے گئے کمروں اور حصوں کو خالی کر کے سیل کیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : بڑی پیشرفت : پی ٹی آئی دور کامالیاتی سکینڈل بے نقاب ، عوام کا پیسہ واپس لانے کا عزم!
یاد رہے کہ یہ خطرناک عمارتیں مواصلات و تعمیرات کے محکمے اور تکنیکی ماہرین کی نشاندہی پر سامنے آئیں ہیں۔
محکمہ تعلیم نے تمام ضلعی افسران کو پابند کیا ہے کہ وہ طلبا کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کریں اور تعلیمی عمل میں تعطل کو روکنے کے تمام متبادل انتظامات کو عملی جامہ پہنائیں۔





