خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کے دور اقتدار کے دوران مبینہ مالی بے قاعدگیوں، نالائقی اور بدانتظامی کا ایک اور ایسا ہولناک معاملہ سامنے آیا ہے جس نے تبدیلی کے تمام دعووں کا جنازہ نکال دیا ہے۔
مالی سال 2024-25 کے دوران محکمہ لوکل گورنمنٹ میں 17 ارب 78 کروڑ روپے کی مالی بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا ہے جو سابقہ حکومت کی مکمل انتظامی ناکامی اور قومی خزانے کے ساتھ کھلوال کا منہ بولتا ثبوت ہے۔
یہ بے قاعدگیاں کوئی معمولی نوعیت کی نہیں ہیں بلکہ ان میں غیر قانونی اور غیر ضروری بھرتیوں، من پسند افراد کو ٹھیکے دینے، بینک کے ذریعے یا کراس چیک کی بجائے ٹھیکیداروں کو نقد رقوم کی تقسیم جیسے سنگین جرائم شامل ہیں۔
مزید برآں غیر تصدیق شدہ بقایا جات اور مراعات کی ادائیگی، اسٹیٹ بینک آف پاکستان اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر کے رقوم میں ہولناک تضاد ، عوامی کھاتے کے واجب الادا رقوم کو برقرار رکھنا، خریداری، کمرشل بینک کے ساتھ اکاؤنٹ مینجمنٹ، سروسز ڈیلیوری میں غفلت اور انتظامی کوتاہیوں نے تباہی کی داستان رقم کر دی ہے۔
پی ٹی آئی کی کرپشن کی ایک اور داستان منظر عام پر آ چکی ہے، جہاں لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ایک شخص کی تقرری پر قومی خزانے سے کروڑوں روپے لوٹ لیے گئے تھے۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی دور کا بڑا مالیاتی اسکینڈل بے نقاب:موجودہ انتظامیہ کا سخت ایکشن!
سال 2024-25 کے دوران صوبے کے 36 اضلاع کے ڈسٹرکٹ کمپٹرولر آف اکاؤنٹس (ڈی سی اے) اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفس (ڈی اے او) نے قواعد کی دھجیاں اڑاتے ہوئے ڈرائینگ اینڈ ڈسبرسنگ آفیسر (ڈی ڈی او) کو بینک کے ذریعے رقوم کی منتقلی یا کراس چیک کی بجائے 92 کروڑ 33 لاکھ روپے کی نقد ادائیگیاں کیں، جو مالیاتی اصولوں کی بدترین خلاف ورزی ہے۔
اسی طرح مختلف محکموں کے ملازمین کو 15 کروڑ 43 لاکھ روپے بقایاجات اور مراعات کی مد میں دیے گئے لیکن اس خطیر رقم کو آڈٹ کے لیے دانستہ طور پر ظاہر ہی نہیں کیا گیا جو شفافیت پر ایک بڑا سوالیہ نشان ہے۔
آڈٹ رپورٹ نے پی ٹی آئی کے مالیاتی انتظام کا کچا چٹھا کھول دیا ہے۔
36 اضلاع میں سے 24 اضلاع کے ڈسٹرکٹ کمپٹرولر آف اکاؤنٹس اور ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سسٹم میں 9 ارب 27 کروڑ 10 لاکھ روپے کا فرق سامنے آیا ہے۔
ڈسٹرکٹ اکاؤنٹ آفیسر کے ریکارڈ کے مطابق ان کے پاس 22 ارب 52 کروڑ 44 لاکھ روپے موجود تھے جبکہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے سسٹم میں صرف 13 ارب 25 کروڑ 33 لاکھ روپے موجود تھے۔ یہ فرق ثابت کرتا ہے کہ مالی امور میں کتنی بڑی مجرمانہ غفلت برتی گئی۔
غیر قانونی طور پر غیر ضروری بھرتیاں کرکے خزانے کو 55 کروڑ 95 لاکھ روپے کا ٹیکہ لگایا گیا۔
مختلف خریداریوں کے لیے قواعد و ضوابط اور خیبرپختونخوا پبلک پروکیورمنٹ ریگولیٹری اتھارٹی (KPPRA) رولز کو پامال کرکے خزانے کو 45 کروڑ 35 لاکھ روپےکا نقصان پہنچایا گیا۔
کمرشل بینک کے ساتھ اکاؤنٹ کی مد میں 85 کروڑ 88 لاکھ روپےکا خسارہ کیا گیا۔
سروسز ڈیلیوری کی آڈٹ کے دوران 66 کروڑ روپے کی بے ضابطگیاں رپورٹ ہوئیں جبکہ غفلت، کوتاہی، اور انتظامی ناکامی کی وجہ سے3 ارب 60 کروڑ 15 لاکھ روپےکی مالی بے قاعدگیاں سامنے آئیں۔
عمران خان کے ٹائیگرز کا معصوم مریضوں کی ادویات پر شب خون بھی کسی سے ڈھکا چھپا نہیں جہاں جعلی دستاویزات کے ذریعے 30 کروڑ ہڑپ کرنے والا پی ٹی آئی ورکر دھر لیا گیا ہے۔
نااہلی کی حد یہ ہے کہ ایبٹ آباد میں غیر فعال سرکاری تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن اور ان کے لیے کی جانے والی خریداری پر 52 کروڑ 93 لاکھ روپے کی خطیر رقم خرچ کرکے ظاہر کی گئی۔
آڈٹ رپورٹ میں بجا طور پر اعتراض کیا گیا ہے کہ جب اسکول ہی غیر فعال ہے، جہاں اساتذہ ہی نہیں تو پھر ان تعلیمی اداروں پر اتنی خطیر رقم خرچ کرنے کا کیا جواز تھا؟ یہ عوامی پیسے کا ضیاع نہیں تو اور کیا ہے؟
غیر ضروری اخراجات کی مد میں 4 کروڑ روپے خرچ کیے گئے۔
آڈٹ رپورٹ کے مطابق ضلع باجوڑ میں جامعہ مساجد کے 25 پیش امام جو سرکاری اسکول میں اساتذہ بھی ہیں انہیں وظیفے کی مد میں 33 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی گئیں۔
آڈٹ رپورٹ میں اعتراض لگایا گیا ہے کہ ایک سرکاری اسکول کے استاد کو وظیفے کی مد میں علیحدہ رقم دی گئی ہے جو خلاف قانون ہے۔
باجوڑ میں غیر قانونی اور غیر ضروری طور پر ہیومن ریسورس، سروسز ڈیلیوری، غفلت اور دیگر کوتاہیوں کے نتیجے میں خزانے کو 28 کروڑ 99 لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا۔
یہ بھی پڑھیں : پی ٹی آئی کے اربوں کے معاشی گھپلے بے نقاب، آڈٹ رپورٹ نے پول کھول دیا
موجودہ انتظامیہ نے پی ٹی آئی کے اس چھوڑے ہوئے مالیاتی ملبے اور بے پناہ کرپشن کو بے نقاب کرکے ثابت کر دیا ہے کہ وہ شفافیت اور گڈ گورننس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی۔
موجودہ حکومت نے کڑے احتساب اور قانونی کارروائی کا عزم ظاہر کیا ہے تاکہ عوام کا لوٹا ہوا پیسہ واپس لایا جا سکے اور مستقبل میں ایسی بدعنوانی کا راستہ ہمیشہ کے لیے بند کیا جا سکے۔





